ملک میں کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں بنایا جائیگا، سردار یوسف،نسواں بل پر بنائی گئی کمیٹی علماء کرام سے مشاورت کرے گی ،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 17 مارچ 2016 09:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور بین المذہب سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ملک میں جو بھی قانون بنایا جائے گا وہ قرآن و سنت کے منافی نہیں ہو گا ۔ پشاور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ پنجاب اسمبلی میں جو حقوق نسواں کا بل پیش کیا گیا ہے اس پر مذہبی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں مذہبی جماعتوں کے نمائندوں سے مشاورت کی جائے گی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی ایسا قانون نہیں پاس کرے گی جو قرآن و سنت کے منافی ہو اور حکومت جو کام کر رہی ہے وہ آئین کے مطابق ہے اور جو بھی بل بنے گا وہ مشاورت سے بتایا جائے گا انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ میں تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے انہوں نے کہا کہ پشاور بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت پاک فوج اور عوام متحد ہیں اور بہت جلد دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا ۔