خیبرپختونخوا ٹورازم پالیسی سے سالانہ 50 ارب روپے کا فائدہ ہو گا ،عمران خان ،مجھے خوشی ہوئی جب نواز شریف نے درخت لگانے میں ہماری نقل کی،سربراہ تحریک انصاف

جمعرات 17 مارچ 2016 09:38

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17مارچ۔2016ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا ٹورازم پالیسی سے سالانہ 50 ارب روپے کا فائدہ ہو گا خیبرپختونخوا کے سیاحتی مراکز پر ٹینٹ ولیجز اور ٹورسٹ ریزارٹ قائم کر کے سیاحوں کو سہولیات فراہم کریں گے ۔نواز شریف نے درخت لگا کر ہماری نقل کی جس پر مجھے بہت خوشی ہوئی ۔ بدھ کے روز ایبٹ آباد کے علاقے چھانگلہ گلی میں ٹورازم پالیسی کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ٹورازم پالیسی پر عمل ہو گیا تو سالانہ 50 ارب روپے کا فائدہ ہو گا ۔

خیبرپختونخوا میں آثار قدیمہ کو محفوظ کریں گے اور نیشنل پارک میں موجود وائلڈ لائف کو بچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔ کے پی کے کے مختلف مقامات پر نیشنل پارک بنائیں گے جس سے سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کو مزید روزگار ملے گا ۔

(جاری ہے)

سیاح کے لئے خیبرپختونخوا میں چھوٹے چھوٹے ٹینٹ ولیجز قائم کریں گے ۔ مختلف راستوں میں چھوٹے چھوٹے ٹوریسٹ ریزواٹ قائم کریں گے حکومت کا کام سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے لئے خیبرپختونخوا سے زیادہ کسی کے پاس بھی ورائٹی نہیں ہیں کے پی کے میں دریا بہت صاف اور سڑکیں کشادہ اور پختہ ہیں ۔عمران کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کے مقامی لوگ درخت اگا رہے ہیں اور اس کی حفاظت کے پی کے کی حکومت کریں گی ۔ امید کرتا ہوں کہ اب محکمہ جنگلات کے اہلکار کاغذوں سے نکل کر زمین پر بھی درخت لگائیں گے ۔ عمران خان نے نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی جب نواز شریف نے درخت لگانے میں ہماری نقل کی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر ملک پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑنی ہو گی قبائلی علاقوں میں امن قائم ہو رہا ہے اگر قبائلی علاقے خیبرپختونخوا کا حصہ بن جائیں تو بہت تبدیلی آ سکتی ہے ۔ عمران خان نے پشاور میں بم دھماکہ کی مذمت کی مرنے والے کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا اور پشاور اور اطراف کے پرانے علاقوں کو بھی محفوظ کرنے کا ارادہ کیا ۔