پہلی مرتبہ پاکستان میں موبائل فونز کی پیداوار کا آغاز، فیکٹری نے کام شروع کر دیا،موبائل فون بنانے والی کمپنی ”جی فائیو“ نے پاکستان میں موبائل فونز بنانے شروع کر دیئے، میڈ ان پاکستان کا لیبل ہوگا

بدھ 16 مارچ 2016 10:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16مارچ۔2016ء) موبائل فون بنانے والی کمپنی ”جی فائیو“ نے پاکستان میں موبائل فونز بنانے شروع کر دیئے ہیں جن پر ”میڈ ان پاکستان“ کا لیبل درج کیا گیا ہے اورپاکستان میں تیار کردہ یہ موبائل فونز جلد ہی مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش بھی کر دیئے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق جی فائیو کمپنی نے متعلقہ اتھارٹیز سے منظوری ملنے کے بعد جنوری سے ٹرائل پروڈکشن کا آغاز کردیا ہے اور اب تک 87 ہزار موبائل بنا چکی ہے جنہیں جلد ہی مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کمپنی نے اپنی فیکٹری میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے منظورشدہ مشینیں اور آلات نصب کئے ہیں اور یہ ابھی ماہانہ 5 لاکھ موبائل یونٹس بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے جس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کمپنی پاکستان میں شروع کئے گئے پلانٹ میں سمارٹ فونز اور فیچر فونز بنائے گی جنہیں مقامی مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ الیکٹرانک اشیاء بنانے والی ایک اور کمپنی ”ہائیر“ بھی اپریل سے موبائل فون اسمبلی پلانٹ لگانے کا اعلان کر چکی ہے۔ پاکستان میں مختلف موبائل فون کمپنیوں کے پلانٹس لگنے سے نوجوانوں کے لیے ناصرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ یہ امید بھی کی جارہی ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک میں فونز کم قیمت پر دستیاب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :