چچا کرکٹ محمد زمان ٹی 20ورلڈکپ کیلئے بھارت کا ویزا نہ ملنے پر پی سی بی کے خلاف سراپا احتجاج

پیر 14 مارچ 2016 09:33

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14مارچ۔2016ء)دنیائے کرکٹ کے میدانوں میں اپنے مخصوص انداز میں قومی پرچم لہرانے والے محمد زمان المعروف چاچا T20 ورلڈ کپ دیکھنے بھارت جانے کیلئے ویزا نہ ملنے پر پی سی بی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے چاچا T20نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیئر مین پی سی بی شہر یار خان اور نجم سیٹھی کو بھارتی ویزا کیلئے کئی بار درخواستیں دے چکے ہیں لیکن ان کی جانب سے عدم تعاون اور ویزا نہ دینے پر وہ سخت مایوس ہیں ۔

ان کی خواہش ہے کہ وہ بھارت میں ہونے والے T20کرکٹ ورلڈ کپ کو دیکھنے کیلئے جائیں اور وہاں قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں۔لیکن پی سی بی ویزا کے بارے ان سے کوئی تعاون نہیں کر رہی ۔انہوں نے کہا کہ ایشاء کپ میں سری لنکا ،بھارت اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز اور حکومت نے اپنے شائقین کیلئے خصوصی ویزے جاری کئے لیکن وہ اس بات پر سخت مایوس ہیں کہ پی سی بی ان کے ویز ا کیلئے کوئی تعاون نہیں کر رہا ۔

(جاری ہے)

اگر انہیں پی سی بی نے بھارتی ویزا نہ دلوایا تو وہ بھارت کی سر زمین پر سبز حلالی پر چم نہیں لہرا سکیں گے اور نہ ہی قومی کھلاڑیوں کی حو صلہ افزائی کر سکیں گے ۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور پی سی بی حکام سے ایک بار پھر اپیل کی کہ و ہ انہیں ویزا جاری کریں تاکہ وہ T20ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی حو صلہ افزائی کر سکیں۔