وزیراعلیٰ نے کتاب میں ایک مخصوص طبقہ کے بارے قابل اعتراض مواد شامل ہونے کا نوٹس لے لیا،چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے چیئرمین کی سربراہی میں دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل

پیر 14 مارچ 2016 09:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 14مارچ۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایک کتاب میں ایک مخصوص طبقہ کے بارے قابل اعتراض مواد شامل ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے چیئرمین عرفان علی کی سربراہی میں دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی تین دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی ٹیم کے ممبر ہوں گے۔

(جاری ہے)

انکوائری کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ عبدالحمیدتاگہ اور عبدالعزیز تاگہ کی تحریر کردہ کتاب کے2010ء کے ایڈیشن میں شامل قابل اعتراض مواد کا اب تک نوٹس کیوں نہیں لیا گیا۔ کمیٹی مارکیٹ میں دستیاب اس کتاب کو واپس لینے اور اس میں موجود مواد کو نکالنے کے لئے فوری طور پر طریقہ کار طے کرے گی۔ انکوائری کمیٹی نجی رائٹرز اور پبلشرز کی جانب سے لکھی اور شائع کی جانے والی کتابوں کی کوالٹی اور ان کے معیار کو جانچنے کا میکنزم تیار کرنے کابھی جائزہ لے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کمیٹی کو کتاب میں قابل اعتراض مواود شامل کرنے میں کوتاہی کے ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے