شاہد آفریدی اور ایشون جیسے اسپن باوٴلریہاں کامیاب ہوں گے، راشد لطیف ، بھارت کی وکٹیں اسپنر کیلئے مددگار نہیں ہیں ، جنوبی افریقی آل راؤنڈر کا راشد لطیف کی بات سے اختلاف

اتوار 13 مارچ 2016 10:19

نئی دہلی ، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13مارچ۔2016ء) پاکستان ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی اور ایشون جیسے اسپن باوٴلریہاں کامیاب ہوں گے۔،بیٹنگ کے لیے زیادہ سازگار وکٹیں ہوں گی کیونکہ یہ ٹی ٹوئنٹی ہے اور گیند زیادہ پرانی نہیں ہوگی۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ'صرف اسپنر جیسے شاہد آفریدی، روی چندرن ایشون اور رویندرا جدیجا جیسے باوٴلرز مخالفین کو مشکلات سے دوچار کرسکتے ہیں اور یہ اس لیے بھی کہ ان کے پاس ٹی ٹوئنٹی کا بہت زیادہ تجربہ ہے"۔

بھارت میں جہاں مختصر طرز کرکٹ میں وکٹیں بیٹنگ کے لیے سازگار ہوتی ہیں مگر ٹیسٹ کرکٹ میں اسپنرز کیلیے بہت مددگار وکٹیں بنائی جاتی ہیں، گزشتہ سال جنوبی افریقی ٹیم کے دورے میں ون ڈے سیریز میں ہندوستان میں اچھی وکٹیں بنائی گئی تھیں جہاں مہمان ٹیم نے ایک میچ میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر 438 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم جنوبی افریقی آل راوٴنڈر ڈیوڈ ملرکا خیال ہے کہ پچ اسپن کے لیے زیادہ مدد فراہم نہیں کرے گی۔

ملر کا کہنا تھا کہ 'یہ صرف تین گھنٹے دورانیے کا میچ ہوتا ہے اور پچ زیادہ تبدیل نہیں ہوجاتی ہے'۔ان کا کہنا تھا کہ' بھارت کی وکٹ مجھے زیادہ مواقع دے گی، امید ہے کہ میں ان سے فائدہ اٹھا سکوں لیکن کھلاڑیوں نے اس طرز میں مختلف حالات اور مختلف انداز میں کھیلنے کا تجربہ حاصل کرلیا ہے'۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز الیکس ہیلز بھی ڈومینی کی بات سے متفق ہیں اور کہتے ہیں کہ' اگر آپ ہماری ٹیم پر نظر ڈالیں تو وہاں اسپن کو اچھا کھیلنے والے کھلاڑی موجود ہیں، ہر کسی کا اپنا ایک طریقہ کار ہے، کچھ پاوٴں کو جنبش دیتے ہیں اور بعض کھلاڑی سویپ کرتے ہیں لیکن ہم سب اپنے طریقے کار پر مطمئن ہیں'۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے مرحلے سپر 10 کے مقابلوں کا آغاز 15 مارچ کو گروپ 2 میں موجود میزبان ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا جو ناگپور میں کھیلا جائے گا۔گروپ 2 میں آسٹریلیا، پاکستان، ہندوستان، نیوزی لینڈ اور کوالیفائر ٹیم ہوگی، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیم گروپ 1 میں شامل ہیں۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل کے میچزنئی دہلی میں اور فائنل 3 اپریل کو ایڈن گارڈن کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔