مسلمان دنیاوی معاملات کے ساتھ ساتھ دینی امور کی انجام دہی پر بھی توجہ دیں، سعید انور ، رزق حلال کمانا اچھی بات مگر اس کے ساتھ دینی اور دنیاوی معاملات میں توازن ضروری ہے،جنید جمشید

اتوار 13 مارچ 2016 10:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13مارچ۔2016ء)قومی ٹیم کے معروف ٹیسٹ کرکٹر سعید انور نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اسلام میں تجارت کے معیارات پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ دنیاوی معاملات کے ساتھ ساتھ دینی امور کی انجام دہی پر بھی توجہ دیں تا کہ اسلام کے حقیقی اور ابدی فیوض و برکات سے پورا معاشرہ فیض یاب ہو سکے ۔

اسلام پوری دنیا کیلئے ہدایت کا سر چشمہ ہے اور اس کی تبلیغ ہر مسلمان کا فرض ہے ۔ دنیا بھر کے مسلمانوں اور خاص طور پر تاجروں کو اپنے کاروبار کے ساتھ ساتھ دین کی تبلیغ کیلئے بھی وقت نکالنا چاہیئے تا کہ وہ دنیا اور آخرت میں سرخروی حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر جنید جمشید نے کہا کہ اگرچہ رزق حلال کمانا اچھی بات ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ دینی اور دنیاوی معاملات میں توازن ضروری ہے۔

(جاری ہے)

دنیاوی معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاروباری معاملات میں بہتر کام کرنے والوں سے حریف لوگ حسد کرتے ہیں مگر دین واحد شعبہ ہے جہاں تقویٰ میں خود سے بہتر لوگوں سے حسد کی بجائے رشک کیا جاتا ہے اور نیک لوگ ان کی پیروی میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے نظام میں تاجروں کا تعلق مال سے جبکہ وکلاء اور ججوں کا تعلق عدل سے ہوتا ہے اس لئے جس ملک میں عدل ہوگا اور اس کے تاجر ایماندار ہونگے وہ ملک لازمی ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت تاجر پوری ایمانداری سے اپنے فرائض سر انجام دینا ہونگے۔ جنید جمشید نے کہا کہ فیصل آباد چیمبرمیں اس قسم کی بہت سی تقریبات ہوتی رہتی ہیں لیکن آج کی اس تقریب کو یادگار بنانے کیلئے لوگ کھڑے ہو کر عہد کریں کہ وہ کم ا زکم تین دن دین کی تبلیغ کیلئے وقف کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک مرتبہ کسی بھی شخص نے دل سے دین کی تبلیغ کا مزہ چکھ لیا تو وہ پھر اس کام سے پیچھے رہ ہی نہیں سکتا۔

اس موقع پرجنید جمشید نے اپنی مقبول عام نعت: "میرے نبی سنت تیری دنیا و دیں"سنائی. اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک آفاتی ضابطہ حیات ہے جس سے دنیا کے نظام کو پورے نظم و توازن سے چلایا جا سکتا ہے۔ تاہم مغرب کی علمی ترقی کے باوجود پوری دنیا میں اس وقت انتشار کی کیفیت ہے اور بد قسمتی کی بات یہ ہے کہ منتشراقوام میں سب سے زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم ہر سال اسلام کے بارے میں خصوصی لیکچرز کا اہتمام کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے ممبران کو اسلام کی حقیقی روح کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان تاجر اپنے انفرادی اور معاشرتی معاملات کے ساتھ ساتھ کاروباری معاملات میں بھی اسلام سے راہنمائی حاصل کریں تا کہ وہ دین و دنیا کی کامیابیاں سمیٹ سکیں۔

فیصل آبادچیمبرکے سابق صدر میاں جاوید اقبال نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اکنامکس میں رسدو طلب کو بنیادی راہنما اصول کی حیثیت حاصل ہے اگر ہم کاروباری دیانتداری کو اس راہنما اصول کے معیارات کے مطابق پرکھیں تو ہمیں معلوم ہوگا اپنی قدر منزلت بڑھانے کیلئے روائتی کاروباری تقاضوں سے ہٹ کرہمیں دیانتداری کو اپنانا ہوگا ۔ اس طرح نہ صرف ہمارا کاروبار ترقی کرے گا اورہم روحانی سکون پائیں گے بلکہ ہم آخروی دنیا میں بھی کامیاب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ سعید انور اور جنید جمشید کے لیکچر کی وجہ سے فیصل آباد چیمبر نے بھی تبلیغ کیلئے ایک جماعت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اس طرح اس نیک کام کا ثواب جہاں جنید جمشید اور سعید انور کو ملے گا وہاں چیمبر کے عہدیدار بھی ثواب کے حقدار ٹھہریں گے۔ آخر میں مولانا عبید نے دعاکرائی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے سعید انور جبکہ سینئر نائب صدر سید ضیاء علمدار حسین نے جنید جمشید کو چیمبر کی خصوصی شیلڈ پیش کی۔

اس موقع پر سابق صدر شیخ عبدالقیوم ، میاں زاہد اسلم ، میاں محمد رفیع ، چوہدری محمداصغر، انجینئر احتشام جاوید، انجینئر سہیل بن رشید، رانا اکرام اللہ، شیخ ابرار احمد ، میاں محمد سلیم ، چوہدری طلعت محمودو دیگر ممبران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :