این اے 153سے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر ایوب گولو ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل

ہفتہ 12 مارچ 2016 09:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12مارچ۔2016ء)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازسے این اے 153کی جوئیہ برادری کے سربراہ ملک لعل محمد جوئیہ نے ملاقات کی اور اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

این اے 153 کے صوبائی حلقے پی پی 203 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر ایوب گولو نے بھی حمزہ شہباز سے علیحدہ ملاقات میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)شامل ہونے کا اعلان کیا۔

دونوں رہنماوں نے این اے 153 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا قاسم نون کی غیر مشروط حمایت کرنے اور ان کی انتخابی مہم میں بھر پور طریقے سے شامل ہونے کا یقین دلایا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ قومی قیادت نے ملکی ترقی و خوشحالی کا واضح روڈ میپ وضع کر دیا ہے جس پر دن رات تیزی سے کام جاری ہے۔پاکستان کے عوام کو ان کی بنیادی ضروریات فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔