غریب ،محروم اور پسے ہوئے طبقے کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانا ہماری پارٹی کا منشور ہے ، افتخار محمد چوہدری ،چند گھنٹوں میں1250سے زائد افراد کی ریکارڈ پارٹی ممبر شپ حاصل کر نا ہماری کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے،،میڈیا ہمارا پیغام عوام تک پہنچانے کا بنیادی ذریعہ ہے ہمارا پیغام لوگوں تک پہنچا تو لوگ جوق درجوق ہماری پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ، اٹک میں جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 12 مارچ 2016 09:35

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12مارچ۔2016ء)پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سر براہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ غریب ،محروم اور پسے ہوئے طبقے کی آواز کو ایوانوں تک پہنچانا ہماری پارٹی کا منشور ہے چند گھنٹوں میں1250سے زائد افراد کی ریکارڈ پارٹی ممبر شپ حاصل کر نا ہماری کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے،میڈیا ہمارا پیغام عوام تک پہنچانے کا بنیادی ذریعہ ہے ہمارا پیغام لوگوں تک پہنچا تو لوگ جوق درجوق ہماری پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی سیاسی جماعت پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے پاکستان کے110اضلاع میں سے سب سے پہلے ضلع اٹک کا انتخاب کرتے ہوئے اٹک کے نواحی دیہا ت شکردرہ میں اپنی سیاسی جماعت کی رکنیت سازی ا ور تنظیم سازی کے سلسلے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سر براہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری کا تین میلہ چوک میں شاندار استقبال کرنے کے بعد ایک بڑی ریلی اور جلوس کی شکل میں انہیں شکردرہ گاؤں سابق رکن ضلع کونسل اٹک حاجی محمد اسلم منڈی والے کی رہائش گاہ تک لایا گیا،اس موقع پرپاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی فوکل پرسن سنےئر قانون دان سابق صدر لاہور ہائی کورٹ بار راولپنڈی بینچ شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان ،ضلعی آرگنائیزنگ کمیٹی کے کنونےئر محمد اسرار خٹک ایڈووکیٹ سمیت پارٹی کے عہدیداران، ممبران ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک کے وکلاء اور زندگی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شر کت کی ہے ، پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سر براہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے بھارت صرف اسی صورت بھیجیں جس میں ملک اور قوم کی عزت ہو ،کسی غیر ملکی دشمنوں کے آگے ہتک کی صورت پاکستانی کرکٹ ٹیم کا نہ جانا ہی بہتر ہے ،انہوں نے مہنگائی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پٹرول کی اصل قیمت صرف45روپے لیٹر ہے لیکن حکومت 18روپے زائد ٹیکس لے کر 63روپے لیٹر میں فروخت کر رہی ہے،عوام کو خود ہی اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے آواز بلند کرنا ہو گی ،انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے ممبر سازی کا آغاز پنجاب کے پسماندہ ضلع اٹک کے نواحی گاؤں شکردرہ سے کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ دیہات با لخصوص شکردرہ ،شین باغ اور سروالہ کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ہر شخص کو اپنا بنیادی کردار ادا کرنا ہو گا ، نواحی گاؤں شکردرہ میں پینے کے صاف پانی اور سیوریج کا دیرینہ مسائل ہماری جماعت حل کرے گی ،شکردرہ گاؤں میں کالے یرقان سے سینکڑوں ہلاکتیں سابق اور موجودہ ممبران اسمبلی کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، آخر میں انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ خراب موسم اور شدید بارش کے باوجود عوام کا اتنی بڑی تعداد میں میرا استقبال کرنا اٹک کی 112سالہ تاریخ میں پہلا واقعہ ہے․ عوام کی جانب سے اس پذیرائی پر میں ان کا بے حد مشکور ہوں،ممتاز قادری کی سزائے موت کے بارے میں ․ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ممتاز قادری کو سزا سپریم کورٹ نے دی ہے جو میں سمجھتا ہوں کہ یہ عدلیہ کا درست فیصلہ ہے ۔