بھارتی سپریم کورٹ کے جج کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سارک ممالک کومشترکہ عدالت بنانے کی تجویز،مشترکہ عدالت کے قیام سے نہ صرف دہشت گردی کی روک تھام ہوگی بلکہ ایک دوسرے کے تجربات سے بھی فائدہ حاصل کیا جا سکے گا،شرد بوبڈے کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 12 مارچ 2016 09:29

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12مارچ۔2016ء) بھارتی سپریم کورٹ کے جج جسٹس شرد بوبڈے نے کہا ہے کہ سارک ممالک کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ عدالت قائم کرنی چاہیے ،بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کے جج بوبڈے نے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا جس کاعنوان” دہشت گردی کے مقدمات سے کیسے نمٹا جائے “ تھا انہوں نے کہا کہ بھارت نے ممبئی میں حملے ہوئے جس کے تانے بانے ہمسایہ ملک سے ملتے تھے ،انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ،میرے خیال میں سارک ممالک کوچاہیے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ایک مشترکہ عدالت تشکیل دے جس میں رکن ممالک کے ججز شامل ہیں،ان کا کہنا تھا کہ اس اقدامات سے سرحد پار دہشت گردی سے بھی نمٹا جا سکتا ہے ،انہوں نے سارک ممالک میں مشترکہ عدالت کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف دہشت گردی کی روک تھام ہوگی بلکہ ایک دوسرے کے تجربات سے بھی فائدہ حاصل کیا جا سکے گا ،انہوں نے کہا کہ سارک کے کئی رکن ممالک کے ساتھ اس تجویز کو شیئر کریں گے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانے پر بھی زور دیا جائیگا۔