پاکستان کی صف اول کی بسکٹ کمپنی انگلش بسکٹ نے برآمدات بڑھانے کا اعلان کردیا،ہم نے ای بی ایم کو بین الاقوامی سطح کے معیار تک پہنچا دیا ہے ۔ ہمارا ارادہ ہے کہ اس کو عالمی سطح کا تسلیم شدہ برانڈ بنائیں جس پر ہمیں پاکستان کا سب سے بڑا بسکٹ برآمدکنندہ ہونے پر فخر ہو، منیجنگ ڈائریکٹر ای بی ایم

جمعہ 11 مارچ 2016 09:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11مارچ۔2016ء ) انگلش بسکٹ مینوفیکچررز پرائیویٹ لمیٹڈ (ای بی ایم) نے اپنی برآمدات بڑھانے کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہونے والی گلف فوڈ زنمائش نے اہم کردار ادا کیا۔ ای بی ایم نے اس نمائش میں شرکت کرکے اپنی انڈسٹری کے تمام شعبوں میں مستحکم کمپنی کے طور پر پاکستان کی بھرپور انداز سے نمائندگی کی۔

اس نمائش میں دلچسپی رکھنے والے دنیا بھر کے 90 ہزار سے زائد خریداروں نے شرکت کی۔ جہاں انڈسٹری کے رہنماؤں کے درمیان اہم رجحانات اور انڈسٹری کو چلانے سے متعلق موضوعات زیر بحث آئے۔ ای بی ایم اپنے قائدانہ کردار کے نتیجے میں اپنی انڈسٹری میں پہلی پاکستانی کمپنی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی جہاں اس نے اہم شعبوں میں اپنی اہمیت اجاگر کی۔

(جاری ہے)

اس کے نتیجے میں کمپنی کی موجودگی عالمی منظرنامے میں نمایاں طور پر محسوس کی گئی۔ اس نمائش نے بین الاقوامی سطح پر توسیع کی غرض سے ای بی ایم کے لئے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔ ای بی ایم کی منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ڈاکٹر زیلف منیر نے بتایا کہ ہم نے ای بی ایم کو بین الاقوامی سطح کے معیار تک پہنچا دیا ہے ۔ ہمارا ارادہ ہے کہ اس کو عالمی سطح کا تسلیم شدہ برانڈ بنائیں جس پر ہمیں پاکستان کا سب سے بڑا بسکٹ برآمدکنندہ ہونے پر فخر ہو ۔

ہم ایک مثالی برانڈ کا تصور رکھتے ہیں جو دنیا بھر میں ہمارے صارفین کے لئے معیار، اعتماد اور غذائیت کی ترجمانی کرتا رہے ۔ کمپنی ہمیشہ اپنی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ کرتی آئی ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی پروڈکشن کی اضافی ضروریات پوری کی جاسکیں ۔ فی الوقت امریکہ، یورپ اورخلیجی خطے سمیت 25 سے زائد ممالک میں اسکی پروڈکٹس برآمد کی جارہی ہیں ۔

گلف فوڈز نمائش میں ای بی ایم واحد پاکستانی کمپنی تھی جو سب سے نمایاں برانڈنگ کی بدولت پاکستان کے ورثہ اور بنیاد کو فروغ دے رہی تھی ۔ ای بی ایم کو خریداروں سے انتہائی مثبت ردعمل ملا۔ ای بی ایم عالمی سطح پر پروڈکٹس متعارف کرانے اور اپنی بنیاد قائم رکھتے ہوئے عالمی رجحانات کے ساتھ بین الاقوامی صارفین کی ضروریات پوری کرنے کے لئے پرعزم ہے۔