وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف کا سعودی عرب میں فوجی مشقوں کا معائنہ،وزیر اعظم نواز شریف کی سعودی شاہ سلمان سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے دونوں ملک دفاع سمیت کئی شعبوں میں قریبی تعاون کر رہے ہیں ،نوازشریف ،آرمی چیف کی سعودی وزیردفاع سے ملاقات ،پیشہ وارانہ اموراوردفاعی تعلقات پرتبادلہ خیال ،آرمی چیف کی سعودی وزیردفاع سے ملاقات ،پیشہ وارانہ اموراوردفاعی تعلقات پرتبادلہ خیال

جمعہ 11 مارچ 2016 10:03

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف اور سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے سعودی عرب میں ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔سعودی عرب میں ہونے والی” رعد الشمال“مشقوں میں پاکستان سمیت 21 ممالک کی فوجیں شریک ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب میں ہونے والی ”رعد الشمال“ مشقوں میں پاکستان سمیت 21 ممالک کی فوجیں شریک ہیں جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب کے دوران فوجیوں کی ماہرانہ صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی مشقوں میں سعودی قیادت کے علاوہ دیگر ممالک کے سربراہان اور رہنما بھی شریک تھے جبکہ فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں مجموعی طور پر بڑی تعداد میں شرکا موجودتھے۔

(جاری ہے)

ادھروزیراعظم محمد نواز شریف نے جمعرات کو شاہ خالد ملٹری سٹی کے شاہی محل میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کی۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے جبکہ سعودی عرب کے نائب ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم گیسٹ ہاؤس آئے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کو شاہ سلمان سے ملاقات کے لئے شاہی محل لے گئے۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم محمد نواز شریف کا استقبال کیا، دوستانہ اور پرجوش گفتگو کے دوران شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مشترکہ جنگی مشقوں کا معائنہ کرنے کی دعوت قبول کرنے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے دونوں ملکوں کی آرمڈ فورسز کے درمیان تعاون اور مفاہمت میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کے لئے سعودی عرب کی مضبوط حمایت خصوصاً تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مستقل تعاون پر سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مشترکہ جنگی مشقوں کی کامیابی سے تکمیل کی بھی تعریف کی جس میں دو درجن اسلامی ممالک کے فوجی دستوں نے مشترکہ طور پر شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے اسلامی ملکوں کے اتحاد میں اضافہ اور انتہاء پسندی اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار ہوگا ۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔ سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان شاہ سلمان سے ملاقات کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کو خود گیسٹ ہاؤس میں لینے آئے۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سعودی وزیردفاع سے ملاقات ،پیشہ وارانہ اموراوردفاعی تعلقات پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے جمعرات کے روزفوجی مشقوں کے بعدسعودی وزارت دفاع میں سعودی وزیردفاع سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماوٴں کے درمیان پاک سعودی عرب دفاعی تعلقات ،پیشہ وارانہ اموراوردیگراہم امورپرتبادلہ خیال کیاگیا