سندھ حکومت کا آئندہ مالی سال میں 24ہزار نئی ملازمتیں دینے پرغور ، چیف سیکریٹری محمدصدیق میمن نے سمری وزیراعلی سندھ کوارسال کردی

بدھ 9 مارچ 2016 09:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 9مارچ۔2016ء) حکومت سندھ نے آئندہ مالی سال میں 24ہزار نئی ملازمتیں دینے پرغور شروع کردیا ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ محمدصدیق میمن نے ایک سمری وزیراعلی سندھ کوارسال کی ہے جس میں بتایاگیا ہے کہ تمام صوبائی محکموں میں اس وقت 8ہزارسے زائد اسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ بعض محکموں میں نئی اسامیاں پیداکی جائیں کیونکہ وہاں ضرورت ہے،ذرائع نے بتایا ہے کہ سندھ بھرمیں 100نئے تھانے قائم کرنے کافیصلہ کیاگیا ہے جس میں 12ہزارسے زائد نئے پولیس اہلکار بھرتی کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے اس طرح بعض نئے اسپتالوں اورنئے تعلیمی ادارے کھولے جارہے ہیں ان میں بھی نئی بھرتیاں کی جائیں گی،ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلی سندھ نے پیپلزپارٹی کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورپی پی پارلیمینٹرین کے صدرآصف علی زرداری سے صلاح مشورے بھی کئے ہیں اورانہوں نے چاروزراء پرمشتمل ایک کمیٹی بھی بنائی ہے جوتمام پہلوؤں پرغورکرنے کے بعد حتمی سفارشات وزیراعلی کوپیش کرے گی کمیٹی میں نثارکھوڑو،سیدمراد علی شاہ،جام مہتاب ڈھر اورڈاکٹر سکندرعلی میندھروشامل ہیں،کمیٹی رواں ماہ آخر تک اپنی سفارشات پیش کرے گی،ذرائع کے مطابق بھرتیوں میں ارکان پارلیمنٹ کاکوٹہ بھی رکھاجائے گا تاکہ وہ نوکریاں دے کرآئندہ الیکشن میں اپنی سیٹ پکی کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :