پشاور، شوکت یوسفزئی کی قیادت میں پی پی اور اے این پی کی اہم شخصیات کی عمران خان سے ملاقات ، تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

بدھ 9 مارچ 2016 09:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 9مارچ۔2016ء)پیپلز پارٹی اور اے این پی کی اہم شخصیات نے ایم پی اے شوکت یوسفزئی کی زیر قیادت وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں عمران خان سے ملاقات کی جہاں انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابقہ ناظم حاجی سعید اللہ خلیل، خورشید خان سابق اٹارنی جنرل، سابق ناظم پیر فدا ایڈوکیٹ، سابق ناظم حیات ولی آفریدی، حاجی اقرار احمد آفریدی ، حاجی محب اللہ خان خلیل، ملک مسرت حسین اور حبیب خان شامل ہیں ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر مشتاق غنی، اشتیاق ارمڑ، مظہر وکیل ایڈوکیٹ اور سیف اللہ ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ عوام دیگر پارٹیوں کی مایوس کن کارکردگی کی سے نالاں ہیں اور انہیں پی ٹی آئی میں امید کی کرن نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ دھڑا دھڑ دوسری جماعتوں سے تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں جو اس پارٹی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ انٹرا پارٹی الیکشن کے ذریعے قوم کو صاف ستھری اور دیانتدار لیڈر شپ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں موروثی سیاست نہیں عمران خان نے کہا کہ ہم ملک میں کرپشن اور بدامنی کا خاتمہ کر رہے ہیں صوبے میں میرٹ اور انصاف کا نظام لاکر عوام کو ان کے حقوق دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو مثالی صوبہ بنانے کی پوری کوشش کی جاری ہے بلدیاتی اداروں کے قیام اور اختیارات کی منتقلی سے عوام کے مسائل آسانی سے حل ہوں گے۔ عمران خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آسکی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کو مزید اختیارات دے کر ان کو مضبوط کریں گے۔