لگتا ہے ایم کیو ایم نے ”مارنے“کا منصوبہ بنا لیا ہے ،فاروق ستار کی جانب سے آخری آرام گاہ اور ٹھکانے لگا دو جیسے الفاظ معنی خیز ہیں ، مارنے والی اور بچانے والی ذات اللہ کی ہے، الطاف حسین کو ملک واپس بلا لیں ،شہر میں کہیں سے بھی الیکشن میں ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں،سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد کا فاروق ستار کے بیان پر ردعمل

بدھ 9 مارچ 2016 10:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 9مارچ۔2016ء )سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا ہے کہ لگتا ہے ایم کیو ایم نے ”مارنے“کا منصوبہ بنا لیا ہے ،فاروق ستار کی جانب سے آخری آرام گاہ اور ٹھکانے لگا دو جیسے الفاظ معنی خیز ہیں ، مارنے والی اور بچانے والی ذات اللہ کی ہے، الطاف حسین کو ملک واپس بلا لیں ،شہر میں کہیں سے بھی الیکشن میں ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔

منگل کوفاروق ستار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر صغیر نے کہا کہ آخری آرام گاہ اور ٹھکانے لگادو جیسے الفاظ فاروق ستار کے نہیں ہو سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کے ساتھ کھانا کھایا ہے اور وہ سینئر رہنما ہیں اس لیے ان کی باتوں کا برا نہیں منا یا لیکن اگر کوئی چیلنج کر رہا ہے تو پھر الطاف حسین ملک میں واپس آئیں ،ان کے خلاف کہیں سے بھی الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہوں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کو ملک میں آنے سے خوف کیوں آتا ہے ،الطاف حسین بیرون ملک سے تقاریر کرنے کے بجائے ملک میں آکر الیکشن لڑیں ،دود ھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فاروق ستار دو چار مہینوں کے لیے الطاف حسین کی بے سرو پا تقاریر ہی بند کروالیں تو بہت بڑی بات ہو گی۔ڈاکٹر صغیر نے مزید کہا کہ استعفی دینے کا کہا ہے تو اس پر عمل بھی کروں گا ،اس حوالے سے آغاسراج درانی سے بات ہوئی ہے ،وہ ابھی شہر سے باہر ہیں۔