شامی حزب اختلاف کا جنیوا امن مذاکرات میں شرکت کا اعلان

منگل 8 مارچ 2016 10:07

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8مارچ۔2016ء)شامی حزب اختلاف کی قومی کونسل نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام امن مذاکرات میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اختلاف کی اعلیٰ مذاکراتی کمیٹی (ایچ این سی) کے ایک رکن ریاض نسان آغا نے کہا ہے کہ''ہمارا رجحان یہ ہے کہ ہم ان مذاکرات میں شرکت کے لیے جائیں گے''۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ شامی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے گذشتہ دو روز میں شام میں جنگی کارروائیاں روکنے سے متعلق سمجھوتے کی خلاف ورزیوں کے واقعات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنیوا میں آیندہ جمعہ کو وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔انھوں نے ایچ این سی کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا جس کی وجہ سے وہ مذاکرات میں شرکت سے رک جائیں۔ریاض آغا کے بہ قول:''گذشتہ دو روز میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے حجم میں کمی واقع ہوئی ہے اور ہم یہ امید کرتے ہیں کہ جمعے تک خلاف ورزیاں بالکل گھٹ کر صفر تک پہنچ جائیں گی۔اگر ان خلاف وزریوں کا خاتمہ ہوجاتا ہے تو پھر مذاکرات کے آغاز کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا ہوجائے گا''۔

متعلقہ عنوان :