صد رممنون حسین کی فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کی مذمت ،پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی طرح آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھی حمایت جاری رکھے گا،جکارتہ میں فلسطینی صدر سے ملاقات

منگل 8 مارچ 2016 10:21

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8مارچ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی طرح آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھی حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جکارتہ میں او آئی سی اجلاس کے موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادیوں کی تعمیر کی شدید مذمت کرتاہے یہودی بستیوں کی تعمیر اسرائیل کا غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔ انشاء الله فلسطین کے لوگ آزادی کی تحریک میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود کشمیری حق خود ارادیت کے حق سے محروم ہیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا اور عالمی برادری کا اہم ملک ہے مسئلہ فلسطین کے حل میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان کی مسلسل حمایت پر ہم شکر گزار ہیں۔