نان فائلرز کیلئے بینکنگ ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ کی شرح 15 مارچ تک 0.4 فیصد کرنے کی منظوری،ای سی سی اجلاس میں آٹو پالیسی پر مزید غور کی ہدایت، معاملہ آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت سیکرٹری فنانس کی معاشی صورتحال پر بریفنگ،سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح 4 فیصد اور جولائی سے فروری 2.48 فیصد ریکارڈ کی گئی، مہنگائی کی شرح میں کمی کا سلسلہ جاری رہے گا،وزیرخزانہ

منگل 8 مارچ 2016 10:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8مارچ۔2016ء) اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی (ای سی سی) نے نان فائلرز کیلئے بینکنگ ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ کی شرح 15 مارچ تک 0.4 فیصد کرنے کی منظوری دے دی جبکہ آٹو پالیسی مزید غور و خوض کے بعد آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا اس موقع پر ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 ء کے سیکشن 236P کے تحت نان فائلرز کے لئے بینکنگ ٹرانزیکشن میں ودہولڈنگ ٹیکس کو 15 مارچ تک 0.4 فیصد کرنے کی منظوری دے دی گئی اس کے علاوہ آٹو پالیسی کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر مزید غور و خوض کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ آئندہ اجلاس میں پیچ کرنے کو کہا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری فنانس نے ملک کی معاشی صورتحال پر شرکاء کو بریفنگ دی سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح 4 فیصد اور جولائی سے فروری تک 2.48 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے مہنگائی کی شرح میں کمی کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ حکومت نے مارچ کے مینہ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کو عوام کو منتقل کیا ہے زراعت شعبہ کی پیداوار میں بھی بہتری کا امکان ہے جولائی سے فروری تک عالمی سطح پر چینی‘ گندم‘ چاول ‘ چائے‘ سویابین‘ پام آئل‘ کروڈ آئل‘ یوریا اور ڈی اے پی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مختلف اشیاء کے اسٹاک کی حالت تسلی بخش ہے آٹے کا اسٹاک 5.1 ملین ٹن پر ہے جوکہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں 5.4 ملین ٹن پر تھا چینی کا اسٹاک 2.9 ملین ٹن ہے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں 2.8 ملین ٹن تھا اس وقت ملک میں ڈیزل کا اسٹاک 23 دنوں کے مقابلے میں 25 دن کا ہے پیٹرول کا اسٹاک 9 دنوں کے مقابلے میں 15 دنوں کا ہے جبکہ مجموعی طور پر پیٹرولیم مصنوعات کا اسٹاک گزشتہ سال کے گیارہ دنوں کے مقابلے میں بارہ دن کا ہے۔

وقار مسعود نے کہا کہ لارج سکیل مینوفیکٹرنگ نے جولائی سے دسمبر 2015 ء تک 3.9 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں 2.7 فیصد پر تھا۔ آٹو موبائل میں 32 فیصد کھاد میں 15 فیصد‘ کیمیکل 11.6 فیصد ‘ ربر مصنوعات 9.8 فیصد‘ فارماسوٹیکل 6.8 فیصد ‘ پیٹرولیم مصنوعات 6.8 فیصد ‘ نان مٹیکل منرل مصنوعات 6.7 فیصد ‘ لیدر 1.2 فیصد اور ٹیکسائل میں 1.0 فیصد اضافی دیکھا گیا ہے۔

بجلی کی پیداوار گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں 11 فیصد زائد رہی جبکہ گیس کی سپلائی جنوری 2015 ء کے مقابلے میں 1.5 فیصد زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکس محصولات 18.4 فیصد زائد جمع ہوئے۔ درآمدات اور برآمدات میں جولائی سے جنوری تک 6.8 فیصد اور 11.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم تجارتی خسارے مین ایک فیصد بہتری آئی۔ غیر ملکی ذخائر 4 مارچ 2016 ء تک بیس ارب 52 کروڑ ڈالر رہے جس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے 15 ارب 66 کروڑ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے چار ارب 86 کروڑ ڈالر ہیں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے 2014-15 کی نسبت 2015-16 کے ساتھ ماہ میں چھ فیصد زائد رقم بھیجی گئی جو کہ حکومت کی جانب سے متعین کئے گئے ٹارگٹ کے عین مطابق ہیں جولائی سے جنوری 2015-16 کے دوران موجودہ اکاؤنٹس 2.04 ارب ڈالر رہا جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 2.64 ارب ڈالر تھا۔

جبکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی 4.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

متعلقہ عنوان :