نیلم جہلم ،تربیلا فور توسیعی منصوبے جلد مکمل کئے جائیں، وزیراعظم کی ہدایت،وفاقی حکومت نے واپڈا اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی انتظامیہ کو خطوط لکھ دیئے دونوں منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار تیز کرنیکی ہدایت،دونوں منصوبے مکمل ہونے پر قومی گرڈ میں 2380 میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہوگا 2017ء کے آخر تک 9100 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی ،وزیراعظم کو بریفنگ

اتوار 6 مارچ 2016 10:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6مارچ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے حکم دیا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور تربیلا فور توسیعی منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کیاجائے جس کے مکمل ہونے پر قومی گرڈ اسٹیشن میں 2380 میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اس مقصد کیلئے واپڈا اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی انتظامیہ کو خطوط لکھ دیئے ہیں جس کے مطابق دونوں منصوبے مقررہ وقت تک کام مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار تیز کرنے کا کہا گیا ہے۔

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو کا دفتر اسلام آباد سے مظفر آباد منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں اور منصوبے پر کام کرنے والے حکام سے کہا گیا ہے کہ وزارت پانی وبجلی کی پیشگی اجازت کے بغیر مظفرآباد نہ چھوڑا جائے۔

(جاری ہے)

وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی منصوبوں میں پیشرفت کی رپورٹ تیار کرکے ہر دوہفتوں بعد وزیراعظم سیکرٹریٹ بھجوائیں گے جبکہ واپڈا چیئرمین ظفر محمود دونو ں منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ وار دورہ کرینگے۔

اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے وزیراعظم نواز شریف نے ایک اعلیٰ سطح میٹنگ بھی بلائی تھی جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن پانی و بجلی کے سیکرٹری محمد یونس ڈھاگا شریک تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں پراجیکٹ کے حوالے سے ہر پندرہ روز بعد آگاہ بھی کیا جائے گا وزیراعظم کو بتایا گیا ہے کہ 2017ء کے آخر تک 9100 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی واضح رہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے اور منصوبے پر کام کرنے والے ٹھیکیدارو نے بھی کام سست کردیا تھا لیکن فنڈز کی دستیابی کے بعد منصوبے پر تقریباً اسی فیصد کام مکمل ہوگیا ہے واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ منصوبے کا ایک یونٹ آئندہ سال جون تک کام شروع کردے گا جبکہ باقی تین یونٹس دسمبر دو ہزار سترہ تک مکمل کرلئے جائینگے جبکہ 928ملین ڈالر سے شروع کیا جانے والا منصوبہ تربیلا فور توسیعی منصوبہ جون دو ہزار سترہ تک مکمل کرلیا جائے گا تربیلا پاور منصوبہ 1974 میں شروع کیا گیا تھا جس سے روزانہ 3478 میگا واٹ بجلی پیدا ہوتی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ جون 2017ء تک تربیلا سے 4888 میگا واٹ بجلی جبکہ جون دو ہزار اٹھارہ تک 6200 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی حکام کے مطابق تربیلا فیز فور توسیعی منصوبہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے مکمل ہونے کے بعد ملک میں لوڈ شیڈنگ میں خاطر خواہ کمی ہوجائے گی

متعلقہ عنوان :