پی ٹی آئی یوتھ ونگ نے ایم کیو ایم کی رجسٹریشن ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی

ہفتہ 5 مارچ 2016 08:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5مارچ۔2016ء ) تحریک انصاف کے یوتھ ونگ نے ایم کیو ایم کی بطور سیاسی جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی،درخواست پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے سینئر رہنما علی جاوید ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے یوتھ ونگ لاہور کے رہنما علی جاوید ایڈووکیٹ نے ایم کیو ایم کی بطور سیاسی جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی، ایم کیو ایم کی رجسٹریشن کے خلاف انتظار حسین ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی گئی ہے،جبکہ دخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی اعترافی پریس کانفرنس ایم کیو ایم کے خلاف چارج شیٹ ہے،اور ثابت ہو گیا کہ ایم کیو ایم ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے، مصطفی کمال کہہ چکے ہیں کہ الطاف حسین ”را “کے ایجنٹ ہیں اور انکی آئین کے تحت ریاست مخالف سیاسی جماعت کی رجسٹریشن نہیں ہو سکتی وفاقی حکومت کو ریاست مخالف سیاسی جماعت کے خلاف سپریم کورٹ کو ریفرنس بھجوانے کا اختیار ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن بھی ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخ کر سکتا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت وفاقی حکومت کو ایم کیو ایم کے خلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا جائے اور الیکشن کمیشن کو ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخی کا حکم دیا جائے۔مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی اعترافی پریس کانفرنس سے ثابت ہوا ایم کیو ایم ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔