ترکی میں کار بم دھماکہ، دو پولیس افسر ہلاک،متعدد افراد زخمی، چار افراد کی حالت تشویش ناک

ہفتہ 5 مارچ 2016 08:26

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5مارچ۔2016ء)ترکی میں حکام کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی علاقے میں عسکریت پسندوں کے ایک کار بم حملے میں اس کے دو پولیس افسر ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق شام کی سرحد کے پاس نصیبین کے علاقے میں یہ دھماکہ ہوا ہے جس میں عام شہریوں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس حملے کے لیے حکومت نے کالعدم تنظیم کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے) کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

حالانکہ ابھی تک کسی بھی گروپ نے باضابطہ طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ دھماکے سے عمارت کو کافی نقصان پہنچا ہے اور زخمی ہونے والوں میں چار افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔گذشتہ جولائی میں حکومت اور پی کے کے کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سے ترکی میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق یہ حملہ جمعے کی صبح مردین صوبے میں ہوا ہے۔ یہ حملہ پولیس سٹیشن اور پولیس کی رہائش والے مقام سے کافی قریب کیا گیا ہے۔پی کے کے ترکی میں اپنے ایک الگ ریاست کے قیام کے لیے سنہ 1984 سے ترکی کی حکومت سے نبرد آزما ہے۔ ترکی اور اس کے مغربی اتحادی اس تنظیم کو دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔