ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن ریفرنس کراچی نیب کے حوالے، نیب کے تفتیشی افسرریفرنس کراچی کی احتساب عدالت میں جمع کرائیں گے، ریفرنس کے ساتھ قومی خزانے کو 17 ارب روپے کے نقصان کے ثبوت بھی شامل

ہفتہ 5 مارچ 2016 09:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5مارچ۔2016ء)سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن ریفرنس کراچی نیب کے حوالے کردیا گیا ہے۔ نیب کے تفتیشی افسرریفرنس کراچی کی احتساب عدالت میں جمع کرائیں گے، ریفرنس کے ساتھ قومی خزانے کو 17 ارب روپے کے نقصان کے ثبوت بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے دومارچ کو ہونے والے اجلاس میں سابق وفاقی وزیر برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل اور ان کے ساتھیوں کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی تھی ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم اوردیگر شریک ملزموں کے خلاف الزام ہے کہ انہوں نے او جی ڈی سی ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسروں سے ملی بھگت کے ذریعے ایل پی جی اور ایل این جی ٹھیکوں میں من پسند قیمتوں سے قومی خزانے کو 17اعشاریہ 3ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ہیڈ کوارٹر سے ریفرنس کراچی نیب کے حوالے کردیا گیا جسے کراچی کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔نیب ذرائع کے مطابق ریفرنس کے ساتھ ہونے والی مبینہ کرپشن کے ثبوت بھی شامل کئے گئے ہیں ریفرنس میں گیس کپنیوں کے افسر اور ٹھیکے دار بھی شامل ہیں عدالت میں ریفرنس دائر ہونے کے بعد ڈاکٹر عاصم کو طلب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم کے خلاف 19فروری کو زمینوں کی غیر قانونی الاٹ منٹ اور منی لانڈرنگ کے الزما ت کے تحت ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی تھی جو عدالت میں زیر سماعت ہے۔