وزیر داخلہ چوہدری نثار کی وزیراعظم سے ملاقات ، قومی ٹیم کے دورہ بھارت اور سکیورٹی خدشات سمیت دیگر امور پر بات چیت ،ورلڈ ٹی 20، وزیراعظم کا قومی ٹیم کے دورہ بھارت سے قبل سکیورٹی ٹیم بھیجنے کافیصلہ، وزیراعظم نے ایشیاء کپ میں بدترین کارکردگی کا نوٹس، رپورٹ طلب کر لی،پاک بھارت میچ کیلئے پیرا ملٹری فورسز تعینات ہونگی ، بھارتی وزیر داخلہ ، ہماچل میں ہونے والے میچ میں مرکزی حکومت امن وامان کو یقینی بنانے اور فول پروف سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ، راجناتھ سنگھ

ہفتہ 5 مارچ 2016 08:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5مارچ۔2016ء) وزیراعظم نے ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کیلئے قومی ٹیم کے دورہ بھارت سے قبل ایک سکیورٹیٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایشیاء کپ میں ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے پی سی بی سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس دوران ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت کیلئے قومی ٹیم کے دورہ بھارت پر سکیورٹی خدشات اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے قومی ٹیم کو لاحق خدشات سے متعلق ایجنسیز کی رپورٹ اور دیگر معلومات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت جانے سے پہلے ایک سکیورٹی ٹیم بھارت بھیجی جائے گی جو تمام تر اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس رپورٹ کی روشنی میں ہی قومی ٹیم کے دورہ بھارت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے بھارتی ہائی کمیشن کیساتھ مسلسل رابطے میں رہنے اور سکیورٹی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایشیاء کپ میں بھارت اور بنگلہ دیش کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کا نوٹس بھی لیا ہے اور پی سی بی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت ٹی 20 میچ کیلئے سکیورٹی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پیرا ملٹری فورسز تعینات ہونگی ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ 19 مارچ کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں کھیلے جانے والے میچ کے دروان مرکزی حکومت کی جانب سے امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے پیرا ملٹری فورسز تعینات ہونگی ان کا کہنا ہے کہ 19 مارچ کو دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران سکیورٹی کی صورتحال مدھوش ہونے کا امکان ہے مرکزی حکومت سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور پاکستانی ٹیم کو ہر حالت میں فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی ۔

واضح رہے پی سی بی قومی ٹیم بھارت بھیجنے میں گومگوں کی کیفیت کا شکار ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کو فول پروف سکیورٹی کیلئے خط لکھا تھا ادھر وزیر خارجہ چوہدری نثار نے بھی وزیراعظم سے تفصیلی ملاقات کرکے اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس کے بعد وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پہلے سکیورٹی ٹیم بھیجی جائے جس کی رپورٹ کے بعد قومی ٹیم کو بھارت بھیجا جائے