پاکستان پیپلز پارٹی کو شدید دھچکا، سابقہ ضلعی جائینٹ سیکرٹری شیر گڑھ خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شا مل

جمعرات 3 مارچ 2016 09:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3مارچ۔2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی کو شدید دھچکا، سابقہ ضلعی جائینٹ سیکرٹری و سابقہ ناظم یو نین کونسل شیر گڑھ نے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کردیا۔ اعلان شیر گڑھ پریس کلب میں چئیرمین ڈیڈک کمیٹی مردان افتخار علی مشوانی ایم پی اے کیساتھ پُر ہجوم پریس کانفرنس کے دوارن کیا۔

پریس کانفرنس میں پی کے 27 سے پی ٹی آئی کے سابق اُمیدوار اینجئیر عادل نواز خان، ضلعی کونسلر احتشام ایڈوکیٹ، رہنماء تحریک انصاف سجاد انور لالہ سمیت درجنوں پارٹی کے تحصیل اور مقامی قائدین اور پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے محمد عالم خان کے درجنوں ساتھی موجود تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے محمد عالم خان نے اپنے خاندا ن اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں باظابطہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی کی موجودہ تین سالہ حکومت اور اس سے قبل ملک میں 65 سال تک حکومتوں کے مابین واضح فرق نے پی ٹی آئی میں شمولیت پر آمادہ کیا۔

(جاری ہے)

چئیرمین ڈیڈک کمیٹی مردان افتخار علی مشوانی ایم پی اے نے کہا کہ2013 کے عام انتخابات میں عوام نے ہمیں نظام کی تبدیلی کیلئے ووٹ دیا تھا۔اور تحریک انصاف نے عوام کی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ہر سرکاری ادارے میں اصلاحات کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ تھانہ اور پٹوار کلچر میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے۔ پی ٹی آئی نے خوانین اور نوابوں کے محلوں سے سیاست کو نکال کر عام گلی کوچوں میں لے آئی ہے۔