ملک کو معاشی و سماجی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ،نواز شریف، امن و امان کی صورت حال میں بہتری سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا،حکو مت سماجی اصلاحات پروگرام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،بجلی کے بیشتر منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں جن سے توا نا ئی بحرا ن ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی، وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن کی انڈر سیکرٹری جنرل سے ملا قات

جمعرات 3 مارچ 2016 10:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3مارچ۔2016ء ) وزیراعظم محمدنواز شریف نے کہا ہے ماضی کی نسبت ملک کو مختلف انداز میں دیکھا جا رہا ہے ، ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود معاشی و سماجی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ، امن و امان کی صورت حال میں بہتری سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہواجس کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے ، زر مبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی اونچی سطح پر پہنچ گئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے بدھ کے روز یہاں وزیراعظم ہاؤس میں اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن کی انڈر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شمشاد اختر سے ملاقات کے دوان گفتگو کرتے ہوئے کیا،وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے سماجی شعبے میں بہتری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خاتون کا اقوام متحدہ کے انتہائی اہم ادارے میں اعلیٰ مقام ہونا خوش آئند ہے ، انہوں نے کہا کہ مو جو دہ حکو مت سماجی اصلاحات پروگرام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، صحت اور تعلیم کے شعبے میں کیے گئے حالیہ اقدامات سے عوام کو فائدہ ہو گا، موجودہ حکومت بنیاد ی ڈھانچے کی بہتری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، ملکی زر مبادلہ میں اضافے کے ساتھ ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے بھی اقداما ت کررہے ہیں اور بیشتر بجلی کے منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں جن سے بجلی کی قلت ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی سے علاقائی رابطوں کو فروغ ملے گا اور مختلف شعبوں میں دیگر ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے معاونت ہو گی ۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی شعبے کے انڈر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شمشاد اختر نے وزیراعظم نواز شریف کی بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کرنے کے قائدانہ کردار کو سراہا ہے اور کہا کہ ، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل سے علاقائی رابطے مضبوط ہونگے ، خطے کے ممالک علاقائی تعاون کے فروغ میں آپ کے کردار کے متعرف ہیں ،