ملک میں مرحلہ وار مردم شماری ممکن نہیں ،آصف باجوہ،مردم شماری میں تاخیر پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہونے کی وجہ سے ہوئی ، صوبائی حکومتوں و دیگر شراکت داروں سے بات چیت چل رہی ہے ، چینی کی قیمتوں میں 4.35فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 14.68فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، سالانہ بنیادوں پر پیاز ، دال ماش ، بیسن ، سگریٹ ، چینی ، چائے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ،چیف شماریات

بدھ 2 مارچ 2016 09:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 2مارچ۔2016ء)چیف شماریات آصف باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں مرحلہ وار مردم شماری ممکن نہیں ہے ،مردم شماری میں تاخیر پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے ، مردم شماری کے حوالے سے صوبائی حکومتوں و دیگر شراکت داروں سے بات چیت چل رہی ہے ،ملک میں ایک ماہ کے دوران چینی کی قیمتوں میں 4.35فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 14.68فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، سالانہ بنیادوں پر پیاز ، دال ماش ، بیسن ، سگریٹ ، چینی ، چائے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ۔

منگل کو اسلام آباد میں ماہانہ بریفنگ دیتے ہوئے چیف شماریات آصف باجوہ نے کہا کہ ملک میں مردم شماری مرحلہ وار کروانا ممکن نہیں ہے مردم شماری کی نئی تاریخ کے حوالے سے صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں سے بات چیت چل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے اب تک 40کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں مردم شماری میں فوج کی دستیابی سی سی آئی کی بنیادی شرط ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ایک ماہ کے اندر چینی کی قیمتوں میں 4فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 14.68فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے فروری 2016ء میں مہنگائی کی شرح میں 0.25فیصد کمی واقع ہوئی ہے ، جولائی 2015ء سے فروری 2016ء کے دوران مہنگائی کی شرح 2.46فیصد رہی جبکہ فروری 2015ء کے مقابلے میں فروری 2016ء میں مہنگائی کا تناسب 4.02فیصد رہا ۔ سالانہ بنیادوں پر فوڈ آئٹمز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ۔

پیاز 76.92فیصد ، دال ماش 52.80فیصد ، دال چنا 49.68فیصد ، بیسن 44.71فیصد ، چائے 30.14فیصد ، سگریٹ 26.80فیصد ،چینی 14.68فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ٹماٹر 32.96فیصد ،آلو 24.69فیصد ، چاول 14.16فیصد ،چکن 10.98فیصد اور ویجیٹیبل گھی میں 9.18فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ نان فوڈ آئٹمز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا تعلیمی خرچے 9.22فیصد بڑھ گئے تعمیراتی اجرت کے ریٹ میں 7.82فیصد ، ریڈی گارمنٹس 7.65فیصد ، واٹر سپلائی 7.46فیصد ، گیس 9.92فیصد ، ٹیلرنگ 8.93فیصد اور گھریلو ملازمین 7.66فیصد ریکارڈ کیا گیا

متعلقہ عنوان :