ویرات کوہلی کو ٹرافی دینا واقعی بھول گیا ،ہمارے بلے بازوں کو ان سے سیکھنا چاہیے :چیئر مین پی سی بی

منگل 1 مارچ 2016 01:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1مارچ۔2016ء)چیئر مین پی سی بی شہر یار خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں ویرات کوہلی کی بلے بازی دیکھ کر پتہ چلا ہے کہ بیٹنگ کس طرح کرنی چاہیے،ہمارے بلے بازوں کو ویرات کوہلی سے سیکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

میڈ یا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ ویرات کوہلی کو ٹرافی دینا بھول گئے تھے تو شہریار خان نے کہاکہ ویرات کوہلی سے باتوں ہی باتوں میں ایوارڈ دینا بھول گیا تھا ،سچی بات ہے کہ میچ میں ویرات کوہلی کی بیٹنگ دیکھ کر پتہ چلا کہ بلے بازی کس طرح کرنی چاہیے ،ویرات کوہلی سے کہا کہ تمہاری بیٹنگ دیکھ کر میری آنکھیں کھل گئیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے بلے بازوں سے ویرات کوہلی کی بیٹنگ سے متعلق بات کرنے کا موقع نہیں ملا لیکن انہیں سمجھنا چاہیے ،ویرات کوہلی کی کلاس بہترین ہے، خدا کرے ہمارے بلے باز بھی اس سے سیکھ لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ورلڈ کپ کھیلے قومی ٹیم جائے گی اور ان کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں نہ صرف بھارتی کھلاڑی بلکہ ہر شخص محمد عامر کی تعرفیں کر رہا تھا۔