اوور ففٹی ویٹرنز منی ورلڈ کپ ،پاکستان ویٹرنز نے کواڈرینگولر سری لنکا کو 32 رنز سے ہراکر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی ، فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا

منگل 1 مارچ 2016 01:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1مارچ۔2016ء) اوور ففٹی ویٹرنز منی ورلڈ کپ کے مقابلے تمام تر کامیابیوں کے ساتھ اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگئے۔ پاکستان ویٹرنز نے سری لنکا کو 32 رنز سے ہراکر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ این سی سی کرکٹ گراؤنڈ سری لنکا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25 اوورز میں5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے بھائی نجیب صادق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 88، دستگیر بٹ 50، کلیم ضیاء خواجہ 26 اور جاوید ملک نے 9 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا 25 اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 187 رنز بناسکی۔ فیشن نے 55، کریشن 27 اور رانجن نے 22 رنز بنائے۔ پاکستان ویٹرنز کی طرف سے شاندارباؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد اکرم رضا نے 3/36، جاوید حیات 2/20 اور ساجد علی نے 2/41 وکٹ حاصل کیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ویٹرنز کی فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر سی ای او پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کپتان، نواب عاشق حسین قریشی اور سی ای او عامر کیبلز عامر الیاس بٹ نے بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے تمام میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ انشاء اللہ تعالیٰ کھلاڑی اسی طرح فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے اچھے انتظامات کرنے پر سری لنکن آفیشلز اور سیکورٹی حکام کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے ایک اچھے ماحول میں ایونٹ کا انعقاد ممکن ہوسکا۔

متعلقہ عنوان :