ممتاز قادری کو جرم کے 5سال بعد سزائے موت دی گئی،ممتازقادری سلمان تاثیر کے سیکورٹی گارڈ تھے جنہو ں نے 4جنوری2011کوسرکاری ڈیوٹی کے دوران فائرنگ کرکے سلمان تاثیرکوقتل کردیاتھا

منگل 1 مارچ 2016 02:53

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1مارچ۔2016ء)سابق گورنرپنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے مجرم ممتاز قادری کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جرم کے 5سال بعد سزائے موت دی گئی۔ ان پر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو قتل کرنیکا جرم درست ثابت ہوا تھا۔انسداددہشت گردی کی عدالت نے ممتاز قادری کو یکم اکتوبر2011کوتعزیرات پاکستان اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحتدومرتبہ موت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ممتازقادری سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے سیکورٹی گارڈ تھے۔ انہوں نے 4جنوری2011کوسرکاری ڈیوٹی کیدوران فائرنگ کرکے سلمان تاثیرکوقتل کردیاتھا۔فائرنگ اسلام آبادکی کوہسارمارکیٹ میں واقع ایک ہوٹل کے باہر کی گئی۔ممتازقادری پنجاب پولیس میں بطور اہلکارتعینات تھے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممتاز قادری کی اپیل پر قتل کے مقدمے میں سزائے موت کو برقرار جبکہ انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت دی جانے والی موت کی سزا کو کالعدم قرار دیا۔

چھ اکتوبر 2015 کو سپریم کورٹ نے ممتاز قادری پر دہشت گردی کی دفعات بھی بحال کردیں جنہیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں ختم کالعدم قرار دیا تھا۔14 دسمبر 2015 کو سپریم کورٹ نے ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف نظر ثانی کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے 2 مرتبہ موت کی سزا برقرار رکھنے کا حکم دیا۔آخری آپشن کے طور پر رحم کی درخواست صدر مملکت کو بھیجی گئی مگر وہاں بھی اسے مسترد کردیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :