وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ،پٹرول 8.48 ، ہائی سپیڈ ڈیزل 4.67، لائٹ ڈیزل 1.97، ہائی اوکٹین 2.98 روپے سستا ، پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں کمی، اطلاق یکم مارچ سے ہو گا،غیاث پراچہ

منگل 1 مارچ 2016 02:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1مارچ۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ۔ پٹرول 8.48 ، ہائی سپیڈ ڈیزل 4.67، لائٹ ڈیزل 1.97، ہائی اوکٹین 2.98 روپے سستا ہوگیا ۔ وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری منظوری کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے ۔ جس کے بعد پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 8.48 روپے کمی ہوگئی ہے اور پٹرول کی نئی قیمت 62.77 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 4.67 روپے کمی کے بعد 71.12روپے لیٹر لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.97 روپے اور ہائی اوکٹین کی قیمت میں 2.98 روپے کمی گئی ہے مٹی کے تیل کی قیمت میں 1.66 روپے اضافے کی تجویز مسترد کردی گئی ہے وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی ہدایت کردی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ حکومت نے ایل این جی کی درآمد کے انقلابی اقدام کے بعدپنجاب میں سی این جی کی قیمت کم کر دی ہے جس کا اطلاق یکم مارچ سے ہو گا۔ گیس کی فی کلو قیمت میں چھ سے سات روپے کی کمی ان سی این جی سٹیشنز پر کی جا رہی ہے جو آر ایل این جی پر چل رہے ہیں جس سے لاکھوں افراد کا روزگار بحال ہو گا جبکہ آئل امپورٹ بل اور آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔

ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی کوششوں سے پنجاب کی سی این جی صنعت میں لگایا گیا تین سو پچاس ارب کا سرمایہ محفوظ ہو گیا ہے اور اس شعبہ میں مزید سرمایہ کاری کا امکان بڑھ گیا ہے۔ حکومت کے مثبت اقدامات کی وجہ سے پاکستان کی سی این جی اندسٹری جلد ہی دنیا کی سب سے بڑی صنعت کا کھویا ہوا اعزاز حاصل کر لیگی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب میں دستیاب سی این جی پٹرول سے کم از کم تیس فیصد کم ہو گی جس سے ٹرانسپورٹ کے کرائے کم ہونگے جو عوام کیلئے بہت بڑا ریلیف ہو گا۔انھوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ملک میں گیس کی قلت جلد دور ہو جائے گی جس سے معاشی ترقی کا عمل تیز ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :