فیصل آباد ، وزارت مذہبی امور کا انوکھا کارنامہ، حج پالیسی کی منظوری کے بغیرحج درخواستیں وصول کر نے کا اعلان

اتوار 28 فروری 2016 10:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2016ء)وفاقی وزارت مذہبی امور کا انوکھا کارنامہ ، حج پالیسی کی منظوری کے بغیر ہی عازمین حج ، حج پر جانے والے افراد سے درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ ہر سال نئی حج پالیسی کی منظوری وفاقی کابینہ کے اجلاس میں لی جاتی ہے خبر رساں ادارے کے مطابق اس سال حج پر جانے کے لئے وزارت مذہبی امور نے باضابطہ حج پالیسی تیار نہ کی تھی کیونکہ ہر سال سعودی عرب سے مذاکرات کے بعد اور مختلف مذہبی رہنماؤں اور پرائیویٹ حج کمپنیوں کے مشورے سے حج پالیسی کا ڈرافٹ تیار کیا جاتا ہے بعدازاں کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم اس کی منظوری دیتے ہیں اس کے بعد حج درخواستیں وصول اور حج اخراجات کا تخمینہ لگا کر درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

مگر اس سال اچانک حج پالیسی کی منظوری کے بغیر ہی وزارت مذہبی کے سیکرٹری عامر سہیل مرزا نے میڈیا اور اشتہارات کے ذریعے حج پر جانے کے خواہشمند مرد و خواتین سے فوری طور پر حج درخواستیں طلب کر لی ہیں جس سے نہ صرف عازمین حج ، حج پر جانے کے لئے پریشان ہیں بلکہ گومگو کی کیفیت میں ہے کہ وہ درخواستیں جمع کرائیں یا نہ کرائیں کیونکہ انہیں حکومت کی حج پالیسی کے بارے میں کوئی معلومات نہ ہیں ۔