دہشتگردی سے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو خطرہ ہے،امریکہ

اتوار 28 فروری 2016 10:29

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2016ء)امریکی محکمہ خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سٹریٹیجک مذاکرات (کل )پیر سے شروع ہوں گے ،مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری کریں گے، دہشت گردی سے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو خطرہ ہے اور اگر وہ دہشت گردی کے خلاف آپس میں تعاون کرتے ہیں تو اسے خطے میں قیام امن کے لیے مددگار سمجھتے ہیں، ایف 16 طیاروں کی فروخت پاکستان میں جاری انسداد دہشت گردی کی کاروایوں میں مدد فراہم کرے گی، یہ ڈیل پاکستان، امریکا، نیٹو اور اس خطے سے جڑے مشترکہ مفاد کے لیے اہم ہے، پاکستان کے موجودہ ایف 16 طیاروں کے دستے نے فوجی آپریشنز میں اہم کردار ادا کیا ہے، فوجی آپریشن میں ان کے استعمال نے عسکریت پسندوں کی پاکستانی سرزمین استعمال کرنے کی صلاحیت کو کم کیا ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان محکمہ خارجہ مارک ٹونر نے کہا کہ ان مذاکرات میں خطے میں امن اور استحکام سے متعلق امور زیر بحث لائے جائیں گے جبکہ تجارتی امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں خطے میں درپیش مسائل اور خطرات سمیت دہشت گردی سے نمٹنے کے بارے میں بات کی جائے گی۔بھارتی ریاست پنجاب میں پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈے پر حملے کے بعد پاکستان کی جانب سے کالعدم جیش محمد کے خلاف کارروائی اور پاکستان بھارت تعلقات کے حوالے سے مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ ’ہم ماضی میں بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعاون کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو خطرہ ہے اور اگر وہ ان معاملات کے حوالے سے آپس میں تعاون کرتے ہیں تو اسے خطے میں قیام امن کے لیے مددگار سمجھتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان اور امریکاکے درمیان ایف سولہ طیاروں کی ڈیل کا ایک مرتبہ پھر دفاع کرتے ہوئے کہاکہ ایف 16 طیاروں کی فروخت پاکستان میں جاری انسداد دہشت گردی کی کاروایوں میں مدد فرام کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ یہ ڈیل پاکستان، امریکا، نیٹو اور اس خطے سے جڑے مشترکہ مفاد کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے موجودہ ایف 16 طیاروں کے دستے نے فوجی آپریشنز میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فوجی آپریشن میں ان کے استعمال نے عسکریت پسندوں کی پاکستانی سرزمین استعمال کرنے کی صلاحیت کو کم کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :