امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان کو ایف16طیاروں کی فراہمی پر بھارت کے تحفظات کو مسترد کردیئے،بھارت کے احترام میں خطے کا توازن خراب نہیں کر سکتے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف بڑی جنگ لڑرہا ہے اور یہ دوست ملک اس جنگ میں امریکہ کا فرنٹ لائن اتحادی ہے،دہشت گردی کے مقابلے کیلئے پاکستان کو ایف 16لڑاکا طیاروں کی فراہمی بہت اہم ہے،دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا،امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات چاہتا ہے، اس مقصد کیلئے ہمیں مشکل کام کرنا پڑتا ہے،امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی ایوان نمائندگان اور سینیٹ کمیٹی میں قانون سازوں کو بریفنگ

ہفتہ 27 فروری 2016 10:14

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27فروری۔2016ء) امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان کو ایف16طیاروں کی فراہمی پر بھارت کے تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارت کے احترام میں خطے کا توازن خراب نہیں کر سکتے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ کمیٹی میں قانون سازوں کو بریفنگ دیتے ہوئے جان کیری نے پاکستان کو ایف 16لڑاکا طیاروں کی فراہمی پر بھارت اور بعض امریکی قانون سازوں کے تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بڑی جنگ لڑرہا ہے اور یہ دوست ملک اس جنگ میں امریکہ کا فرنٹ لائن اتحادی ہے۔

دہشت گردی کے مقابلے کیلئے پاکستان کو ایف 16لڑاکا طیاروں کی فراہمی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کیلئے جدید لڑاکاطیارے موثر ہتھیار ثابت ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پچھلے چند برسوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اپنے فوجی جوانوں سمیت 50ہزار سے زائد انسانی جانوں کی قربانی دی ہے۔انہوں نے کہاکہ لڑاکا طیاروں کی فراہمی کا معاملہ ہمیشہ سے پیچیدہ رہا ہے لیکن بھارت سے احترام کے ساتھ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ہم خطے میں توازن قائم رکھنے کی کوشش کرینگے۔

دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہوگا اور اس کیلئے ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فراہمی بھی ضروری ہے۔امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات چاہتا ہے اور اس مقصد کیلئے ہمیں مشکل کام کرنا پڑتا ہے۔ ہم دونوں ملکوں کے درمیان معاملات کو آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔دریں اثناء جان کیری نے سینیٹ کی امور خارجہ میں بھی پاکستان کا بھر پور دفاع کیا اور دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی حکومت اور فوج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے مالی سال2017 کے بجٹ میں پاکستان کے لیے742ملین ڈالر کی امدادکی درخواست کی۔