اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمے میں مولانا عبدالعزیز کی ضمانت میں سات مارچ تک توسیع

جمعہ 26 فروری 2016 09:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2016ء) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمے میں مولانا عبدالعزیز کی ضمانت میں سات مارچ تک توسیع کردی ۔ جمعرات کے روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ آصف محمود نے مولانا عبدالعزیز کے مقدمے کی سماعت کی اس موقع پر مولانا عبدالعزیز عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران مدعی مقدمہ جبران ناصر کے وکیل مسرور شاہ نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں اپنے موکل کی طرف سے کل ہی وکیل مقرر کیا گیا ہے لہذا مقدمے کی تیاری کیلئے انہیں مہلت دی جائے اس پر مولانا عبدالعزیز کے وکیل طارق اسد نے اعتراض اٹھایا کہ مولانا عبدالعزیز کو سکیورٹی خدشات ہیں جس کی وجہ سے ان کو بار بار عدالت پیش نہیں کیا جاسکتا لہذا ضمانت پر فیصلہ آج ہی کیاجائے اس پر جج راجہ آصف محمود نے مسرور شاہ ایڈووکیٹ کو کہا کہ آپ اسی طرح تاریخوں میں تاریخیں لیتے رہے تو عدالت مولانا کو حاضری سے استثنیٰ دے دیگی عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد مولانا عبدالعزیز کی ضمانت میں سات مارچ تک توسیع کردی اور حکم دیا کہ سات مارچ کو مکمل تیاری کے ساتھ وکلاء عدالت حاضر ہوں

متعلقہ عنوان :