وزیراعظم نوازشریف آج کراچی میں کینسر کے مریض انوار اللہ آفریدی سے ملاقات کریں گے ،نواراللہ آفریدی نے وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا

جمعہ 26 فروری 2016 09:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2016ء)وزیراعظم نوازشریف( آج) جمعہ کو کراچی میں کینسر کے مریض انوار اللہ آفریدی سے ملاقات کریں گے ۔ جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آج جمعہ کو کراچی میں گرین لائن ریپڈ بس سروس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 17 کلو میٹر طویل بس منصوبے پر 16ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ منصوبہ 1سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ گرین لائن ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم ملک کا پہلا تیز ٹرانزٹ سسٹم ہے جس کے لئے فنڈز وفاقی حکومت فراہم کر رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف دورہ کراچی کے دوران کینسر کے مریض انوار اللہ آفریدی کی خواہش پر ان سے ملاقات کریں گے ۔ انوار اللہ آفریدی کراچی میں زیر علاج ہیں ۔ واضح رہے کہ انواراللہ آفریدی نے وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔