جو بل ادا نہیں کرے گا اس کی بجلی منقطع کر دی جائے گی،عابد شیرعلی،سیاستدان بڑے بڑے بجلی نادہندگان کی سفارش کرتے ہیں ،وزارت پانی و بجلی کے بعض منصوبوں پر صرف کاغذوں میں کام ہوتا ہے، بروقت فنڈز فراہم کئے جائیں تو ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرسکتے ہیں، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 26 فروری 2016 09:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 26فروری۔2016ء)وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ بجلی کے حوالے سے ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے جو بھی بجلی کا بل ادا نہیں کرے گا اس کی بجلی منقطع کر دی جائے گی،سیاستدان بڑے بڑے بجلی نادہندگان کی سفارش کرتے ہیں ،وزارت پانی و بجلی کے بعض منصوبوں پر صرف کاغذوں میں کام ہوتا ہے عملی طور پر کچھ نہیں ہوتا ہے اگر ہمیں بروقت فنڈز فراہم کئے جائیں تو ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرسکتے ہیں ان خیالات کا اظہارانہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر کیا انہوں نے کہاکہ ملک میں بعض سیاستدان بجلی چوروں کی حمایت میں آجاتے ہیں اس وقت ملک میں بجلی صارفین کے ذمے اربوں روپے کے بقایا جات ہیں اور بعض علاقوں میں نادہندگان کی بجلی منقطع کرنے پر ہمارے کارکنوں کو شہیدکیا گیا ہے میں یہ واضح کرتا ہوں کہ ملک میں بجلی کے حوالے سے کوئی بھی مقدس گائے نہیں ہے جو بھی بجلی کا بل ادا نہیں کرے گا اس کی بجلی منقطع کر دی جائے گی انہوں نے کہاکہ وزارت پانی و بجلی کے بعض منصوبے صرف کاغذوں میں مکمل کئے جا رہے ہیں جبکہ عملی طور پر سوائے مٹی کے ڈھیر کے کچھ نہیں ہوتا ہے انہوں نے کہاکہ وزارت کے افسران منصوبوں کے بارے میں فراہم کئے جانے والے دستاویزات پر ہی اعتبار کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ وزارت بجلی کے منصوبے بروقت مکمل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے تاہم ہمیں فنڈز بروقت نہ ملنے کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے انہوں نے کمیٹی کے اراکین سے گذارش کی کہ وہ بجلی چوری کے خاتمے اور واجبات کی وصولی کیلئے بھرپور تعاون کریں ۔