بشارالاسد کی موجودگی میں شام میں امن قائم نہیں ہو سکتا، امریکی وزیرخارجہ، شام کو متحد رکھنے کیلئے وقت تیزی سے نکلا جا رہا ہے،لڑائی طول پکڑ گئی توشام ٹکڑے ٹکڑے ہو سکتا ہے،فائر بندی ناکام ہو ئی تو دیگرآپشن استعمال کریں گے،کیری کا ایوان نمائندگان کے سالانہ وزارتی بجٹ اجلاس سے خطاب

جمعرات 25 فروری 2016 09:09

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 25فروری۔2016ء)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اگر شام میں فائر بندی کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں تو ان کا ملک اس حوالے سے دیگر آپشن استعمال کرنے پر غور کرے گا، جب تک بشارالاسد اقتدار پر قابض ہیں لڑائی بند ہونے کا کوئی امکان نہیں ۔ امریکی ایوان نمائندگان میں سالانہ وزارتی بجٹ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ شام میں جنگ بندی کے لیے کوششیں کرنے والے ممالک پر جلد ہی واضح ہو جائے گا کہ آیا ان کی فائر بندی کی مساعی کامیاب ہوتی ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں جان کیری نے کہا کہ جب تک بشارالاسد شام میں اقتدار پر قابض ہیں اس وقت تک امن کے قیام اور جنگ کے خاتمے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شام میں خون خرابہ طویل عرصے تک جاری رہتا ہے تو شام کو متحد رکھنا اور بھی مشکل ہو جائے گا۔ جان کیری نے کہا کہ ”لگ رہا ہے کہ شام کو متحد رکھنے کے لیے وقت تیزی کے ساتھ ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے۔ اگر لڑائی زیادہ عرصہ طول پکڑتی ہے تو شام ٹکڑے ٹکڑے ہو سکتا ہے“۔ انہوں نے کہا کہ روس کی فوجی معاونت سے بشارالاسد کی فوجیں حلب کا کنٹرول سنبھالتی ہیں تو شام کی سرزمین مزید غیر محفوظ ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :