کراچی ،پیپلزپارٹی نے مخالف جماعتوں کی جانب سے احتجاجی تحریک کی صورت میں سیاسی طور پر نمٹنے کی حکمت عملی طے کرلی ،بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں ہر سطح پر بزرگ قیادت کی جگہ یوتھ اور پی ایس ایف کے کارکنوں کو فعال کرنے کا فیصلہ

بدھ 24 فروری 2016 10:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے مخالف جماعتوں کی جانب سے احتجاجی تحریک کی صورت میں اس سے سیاسی طور پر نمٹنے کی حکمت عملی طے کرلی ہے ۔ اس ضمن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ہر سطح پر بزرگ قیادت کی جگہ پیپلز پارٹی یوتھ اور پی ایس ایف کے کارکنوں کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے گزشتہ دنوں ہونے والے اجلاس میں اعلی قیادت نے کسی بھی احتجاجی تحریک کاعوامی سطح پرجواب دینے کافیصلہ کرلیا ہے ذرائع کے مطابق اعلی قیادت نے کراچی کے 4 ڈسٹرکٹ پارٹی ورکرز پراعتماد کااظہار کیا جبکہ کراچی جنوبی میں موجود قیادت پرعدم اعتماد ظاہر کیاگیا ۔

(جاری ہے)

زرائع نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی قیادت نے کراچی کے ضلع سینٹرل میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی اور کسی بھی جماعت کی جانب سے پارٹی مخالف احتجاج کی صورت میں سیاسی طریقے سے معاملات سنبھالنے کی ہدایت جاری کی ہے اس حوالے سے پیپلزاسٹوڈنٹس فیڈریشن اور پیپلزیوتھ کے اہم ذمہ دار وں جس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل سے پیپلز پارٹی کے واحد کامیاب ہونے والے چیئرمین دل محمد ،عزیز آباد سے بلدیاتی انتخا ب میں دوسری پوزیشن پر آنیوالے پی پی جیالے ماما پرویز حسن ،سلیم سومرو شامل ہیں انہیں کراچی میں اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔