وزیراعلیٰ پنجاب نے جیل روڈ سگنل فری کوریڈور کے منصوبے کا افتتاح کردیا، جیل روڈ سگنل فری کوریڈور کا منصوبہ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح شفافیت اور اعلی معیار کا شاہکار ہے ،منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو آمدو رفت میں سہولت میسر آئی ہے ، عوام کا قیمتی وقت اور ایندھن کی بچت ہو گی،وزیر اعظم کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے رحجان کو فروغ دیا ہے، فلاحی منصوبوں پر تنقید عوام کی ترقی و خوشحالی کی مخالفت ہے- وزیر اعلی شہباز شریف کا منصوبے کے افتتاح کے بعد مزدوروں اور شہریوں سے خطاب

منگل 23 فروری 2016 09:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اسلام آباد سے واپسی پر جیل روڈ سگنل فری کوریڈور کے منصوبے کا افتتاح کیا-اس موقع پر مزدوروں اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ جیل روڈ سگنل فری کوریڈور کا منصوبہ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح شفافیت اور اعلی معیار کا شاہکار ہے -وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے رحجان کو فروغ دیا ہے - فلاحی منصوبوں پر تنقید عوام کی ترقی و خوشحالی کی مخالفت ہے اور مفاد عامہ کے منصوبوں کو بلا جواز ہدف تنقید بنانے والوں کو عوام کی فلاح سے کوئی سروکار نہیں- انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے عوامی خدمت کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں - جیل روڈ سگنل فری کوریڈور کے افتتاح سے نہ صرف وقت بلکہ ایندھن کی بھی بچت ہو گی اورجیل روڈ سگنل فری کوریڈور سے روزانہ چار لاکھ گاڑیاں گزریں گی- منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئی ہے - انہوں نے کہا کہ جیل روڈ سگنل فری کوریڈور کا منصوبہ پنجاب حکومت کا انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے جاری پروگرام کا ایک اہم جزو ہے - منصوبے کی کوالٹی دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے -مفاد عامہ کے منصوبے اسی تیز رفتاری اور اعلی معیار سے جاری و ساری رہیں گے- وزیر اعلی نے منصوبے پر اعلی معیار کے ساتھ کام کرنے پر ڈی جی ایل ڈی اے کو شاباش دی اور کہا کہ منصوبے پر کام کرنے والے ٹھیکیدار اور مزدوروں کی محنت بھی لائق تحسین ہے - وزیر اعلی نے منصوبے کے افتتاح کے بعد گلبرگ فلائی اوور کا راؤنڈ بھی لیا - خواجہ احمد حسان ، ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈی سی اولاہور بھی اس موقع پر موجود تھے-واضح رہے کہ منصوبے کی لمبائی ساڑھے سات کلومیٹر ہے جبکہ اس پر بارہ یو ٹرن بنائے گئے ہیں اور منصوبے پر 2395 ملین روپے لاگت آئی ہے -