صدر ممنون حسین سے وزیر اعظم نواز شریف (آج )اہم ملاقات کریں گے ، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی ، امن و امان کی صورتحال اور کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا

منگل 23 فروری 2016 09:18

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2016ء ) صدر ممنون حسین سے وزیر اعظم نواز شریف (آج) منگل کو ملاقات کریں گے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال اور کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آج منگل کو ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کریں گے ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی ، امن و امان اور اقتصادی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت اور وزیر اعظم نواز شریف ملاقات کے دوران کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر بھی تفصیلی بات چیت کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف صدر مملکت کو اپنے حالیہ دورہ قطر اور قطر کے ساتھ طے پانے والے ایل این جی معاہدے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے حکومتی اقدامات پر بریف کریں گے ۔ ملاقات کے دوران ممنون حسین اسلام آباد میں ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر بھی وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے ۔