صدارتی انتخابات: ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلری کلنٹن تیسرے مرحلے میں کامیاب،سابق صدر جارج بش کے بھائی جیب بش صرف 8.28 فیصد ووٹروں کی حمایت کیساتھ چوتھے نمبر پر رہے

پیر 22 فروری 2016 09:49

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 22فروری۔2016ء)امریکہ میں صدارتی امیدواروں کے انتخاب کے تیسرے مرحلے میں جنوبی کیرولائنا سے رپبلکن جماعت کے ڈونلڈ ٹرمپ جیت گئے ہیں۔اس سے چند گھنٹے پہلے ڈیموکریٹ پارٹی کی ہلری کلنٹن نے نیواڈا میں صدارتی امیدوار کی نامزدگی کا انتخاب جیت لیا ہے۔رپبلکن اور ڈیموکریٹ جماعتوں کی جانب سے صدارتی امیدوار کے لیے نامزدگی کا یہ تیسرا مرحلہ تھا۔

نیواڈا میں ڈیموکریٹ پارٹی کی ہلری کلنٹن اور برنی سینڈرز میں سخت مقابلہ ہوا جس میں ہلری نے 52 فیصد ووٹ لے کر معمولی برتری سے یہ انتخاب جیتا۔ انتخاب سے پہلے رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع تھا۔جنوبی کیرولائنا میں رپبلکن جماعت کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ ٹیڈ کروز اور سینٹیر روبیو بھی نامزدگی کے دوڑ میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 33.88 فصید ووٹ ملے جبکہ ٹیڈ کروز کو 21.81 فیصد اور سینیٹر روبیو کو 21.50 فیصد ووٹ ملے۔چوتھی پوزیشن پر سابق صدر جارج بش کے بھائی جیب بش رہے جنھیں صرف 8.28 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہو سکی۔’سپر ٹیوز ڈے‘ سے قبل ان دونوں ریاستوں کے نتائج کافی اہمیت کے حامل ہیں۔خیال رہے کہ سپر ٹیوز ڈے کو تقریباً ایک درجن ریاستوں میں دونوں پارٹیوں کے ممبران رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے اپنی پارٹی کے امیدوار کا انتخاب کریں گے۔

اس سے پہلے ہونے والے دو راونڈز میں ریپبلکن جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ اور ٹیڈ کروز کو ایک ایک کامیابی حاصل ہوئی۔ٹیڈ کروز ریاست آئیووا اور ڈونلڈ ٹرمپ ریاست نیو ہیمشائر میں کامیاب ہوئے تھے۔ڈیموکریٹ کی جانب سے اب تک ریاست نیواڈا اور آئیووا میں ہیلری کلنٹن کامیاب رہی ہیں جبکہ نیو ہیمشائر میں برنی سانڈز نے با آسانی کامیابی حاصل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :