پولیس نے سکیورٹی گارڈ کو گاڑی سے کچلنے کا مقدمہ رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل کیخلاف درج کر لیا، 71 سالہ سکیورٹی گارڈ کی بیوہ شاہین بی بی کی مدعیت میں تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا

اتوار 21 فروری 2016 10:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21فروری۔2016ء ) مقامی عدالت ایڈیشنل سیشن جج کے حکم پر پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل ا صغر کیخلاف سکیورٹی گارڈ کو مبینہ طور پر گاڑی سے کچلنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، تھانہ کوہسار میں مقدمہ نمبر 71 سکیورٹی گارڈ کی بیوہ شاہین بی بی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق 10اگست 2015کو مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی گاڑی کی ٹکر سے فٹ پاتھ پر کھڑا سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گیا تھا جس کی کا ابتدائی پرچہ کاٹا گیا تھا مگر ملزم کے بااثرہونے کی وجہ سے کارروائی عمل میں لائی نہیں جا سکی جس پر سکیورٹی گارڈ کے لواحقین نے مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ ملزم بااثر ہے اور قومی اسمبلی کا رکن ہے جس کی وجہ سے انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا ، جاں بحق سکیورٹی گارڈکی بیوہ شاہین بی بی نے مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی کے روبرو درخواس دائر کی تھی اور انصاف کا مطالبہ کیا تھا ، ملزم روحیل اصغر کے ذولفقار نامی ڈرائیور نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ حادثے کے وقت شیخ روحیل اصغر گاڑی نہیں چلا رہے تھے بلکہ وہ خود گاڑی چلا رہے تھے ،عدالت نے درخواست گزار کی استدعا منظور کرتے ہوئے تھانہ کوہسار کو مقدمہ درج کر کے کارروائی کا حکم دیا ہے ، عدالت نے حکم دیا کہ مقدمہ درج کیا جائے اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا کون گاڑی چلا رہا تھا کون نہیں ،عدالتی حکم کے بعد تھانہ کوہسار اسلام آبا د نے سکیورٹی گار ڈ راز محمد کی بیوہ شاہین بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے ، مقدمہ نمبر 71 میں ،279، 320 کے دفعات شامل کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

شاہین بی بی نے کہا ہے کہ میرا شوہر گھر کا واحد کفیل تھا اور اس کی موت کے بعد ہمارا خاندان بھوک اور افلاس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے ، معلوم ہوتا ہے کہ حادثے کے وقت شیخ روحیل اصغر نشے میں تھے ، میں بیوہ عورت ہوں مجھے انصاف دلایا جائے ۔