شامی اورکردامریکی ہتھیاراستعمال کررہے ہیں،امریکی صدرباراک اوبامہ سے شکایت کرونگا،طیب اردگان

ہفتہ 20 فروری 2016 08:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 20فروری۔2016ء)شامی کرد امریکی ہتھیار استعمال کر رہے ہیں اردگان ،ترکی کے صدر طیب اردوگان کا کہنا ہے کہ وہ امریکی صدر براک اوباما کو مطلع کریں گے کہ امریکی ہتھیاروں سے شامی کردوں کی مدد کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ترکی نے بدھ کو انقرہ میں ہونے والے بم دھماکے کا الزام کردوں پر لگایا ہے۔ترکی کے صدر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ انقرہ دھماکہ کے ذمہ دار شام کی پی وائی ڈی جماعت اور اس کا عسکری ونگ ہے۔

انقرہ دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب شامی کردوں نے کہا ہے کہ وہ ترکی کے ساتھ سرحدی علاقے پر اپنا کنٹرول پھیلائیں گے۔اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم کے خلاف جنگ میں امریکہ پی وائی ڈی کی حمایت کرتا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے اردوغان نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ انقرہ دھماکے میں وائی پی جی اور پی وائی ڈی ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ جمعے کو صدر اوباما سے فون پر بات کریں گے اور ان سے کہیں گے کہ اس بات پر غور کریں کہ ان کے دیے گئے ہتھیار کہاں اور کیسے استعمال کیے جا رہے ہیں۔پی وائی ڈی انقرہ دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام کی تردید کر چکی ہے، اور امریکہ کہہ چکا ہے کہ ترکی کی جانب سے لگائے گئے الزام کی نہ تصدیق کر سکتے ہیں اور نہ ہی شامی کرد ملیشیا نے ترکی کی سرحد کے ساتھ علاقوں پر اپنا کنٹرول مضبوط کیا ہے ترکی کے صدر نے کہا کہ ان کو افسوس ہے کہ مغرب وائی پی جی کے ترکی میں موجود کردستان ورکرز پارٹی کے روابط کو ماننے سے انکار کر رہا ہے۔

اردگان نے کہا کہ انھوں نے پہلے بھی صدر اوباما کو بتایا کہ تین جہازوں میں لایا گیا امریکی ہتھیاروں میں سے آدھا اسلحہ دولت اسلامیہ کے قبضے میں چلا گیا اور باقی پی وائی ڈی کے قبضے میں۔’یہ ہتھیار شہریوں کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔‘یاد رہے کہ 2014 میں امریکہ نے کوبانی میں دولت اسلامیہ کے خلاف لڑنے والے کردوں کے لیے اسلحہ جہازوں سے پھینکا تھا جو دولت اسلامیہ کے علاقے میں گرا۔روسی فضائیہ کی مدد سے شامی فوج شامی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور حلب میں پیش قدمی جاری ہے۔ دوسری جانب شامی کرد ملیشیا نے ترکی کی سرحد کے ساتھ علاقوں پر اپنا کنٹرول مضبوط کیا ہے۔ترکی کو خدشہ ہے کہ شامی کرد جرابلس تک 100 کلو میٹر طویل پٹی پر قبضہ کر لیں گے