کمزور باؤلنگ لاہور قلندرزکی شکست کی وجہ بنی، رانا فواد

جمعہ 19 فروری 2016 09:16

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے ان کی ٹیم کے ٹورنامنٹ کے پہلے ہی مرحلے سے باہر ہونے پرافسردگی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی وجہ کمزور باؤلنگ کو قرار دیا۔ ڈان کو خصوصی انٹرویو میں رانا فواد کا لاہور کے شہریوں سے معذرت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اچھا محسوس نہیں کررہے ہیں، مجھے افسوس ہے کہ ٹورنامنٹ میں ہم اچھا کرسکتے تھے لیکن نہیں کرسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو کئی چیلنجوں کا سامنا تھا، بنگلہ دیش کے فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمٰن زخمی ہونے کے باعث نہیں آئے اور یاسر شاہ پر بھی پابندی عائد ہوگئی جس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بریٹ لی سمیت کئی باؤلرز سے رابطہ کیا لیکن بدقسمتی سے ہم اس کمی کو پورا نہیں کرسکے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم لاہوریوں کو جگا نہیں سکے، مجھے خوشی ہوتی اگر میں ان کو کپ دلاتا۔

آخری میچ میں کرس گیل کی کمی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں خوش ہوں کہ انھوں نے ہمارا ساتھ دیا، وہ فارم میں بھی آئے تھے اور اگر اس میچ میں ہوتے تو صورت حال مختلف ہوسکتی تھی لیکن انھیں ویسٹ انڈیز میں اپنے کسی کام کے سلسلے میں جانا پڑا وہ ہماری وجہ سے رکے ہوئے تھے اور معاہدہ بھی اسی طرح کا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ گیل نے نوجوان کھلاڑیوں کو حوصلہ دیا اور ڈریسنگ روم کا ماحول بھی اچھا بنایا، ٹیم متحد ہے اور ہماری ٹیم میں بہترین کوچز ہیں۔

رانافواد نے عمر اکمل کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کا مشکور ہوں اور جس نے بھی کھیلا، دل سے کھیلا اور ہم نے جو کیا وہ دل سے کیا، اگر کسی قسم کی کوتاہی ہوئی ہو تو معذرت خوا ہوں۔ لاہور قلندرز کے مالک نے پورے پنجاب سے نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کو اکھٹا کرکے سامنے لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی تربیت کریں گے اور اگلے سیزن کے لیے بہترین کوشش کریں گے۔

لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسی شکست کے ساتھ ٹیم پی ایس ایل سے باہر ہوگئی تھی۔ قلندرز نے ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے 8 میچوں میں سے صرف دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اسکور 201 رنز بنایا تھا لیکن اس کے دفاع میں ناکام رہے.