ضلعی عدالت میں بارود برآمدگی کیس میں سابق فوجی آفیسر کرنل تصدق کی ضمانت دولاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور

جمعرات 18 فروری 2016 09:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18فروری۔2016ء) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے بارود برآمدگی کیس میں سابق فوجی آفیسر کرنل تصدق کی ضمانت دولاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کرلی بدھ کے روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ خرم علی خان نے سابق فوجی آفیسر کرنل تصدق حسین کے مقدمے کی سماعت کی سماعت کے دوران پولیس کو عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد کے نواحی علاقے چٹھہ پختاور سے 2010 ء میں گرفتار ہونے والے دہشت گردوں جو پارلیمنٹ ہاؤس پر منصوبہ بندی کررہے تھے انہوں نے تفتیش کے دوران کرنل تصدق حسین کو اس منصوبے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا تھا سماعت کے دوران کرنل تصدق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے پارلیمنٹ حملہ کیس میں ملوث ملزمان اپنے اوپر سے توجہ ہٹانے کیلئے کرنل تصدیق حسین کا نام لے رہے ہیں عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد کرنل تصدق حسین کو 2 لاکھ کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت کا حکم سنا دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کرنل تصدق حسین کے خلاف تھانہ شہزاد ٹاؤن میں بارودی برآمدگی کا مقدمہ درج تھا اس کے علاوہ کرنل تصدق حسین کے خلاف تھانہ نیلور میں بھی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج تھا جس میں اس کی پہلے ہی ضمانت ہوچکی ہے۔