خیبرپختونخواکاتعلیمی بجٹ 100 ارب روپے کر دیاگیا ہے،محمد عاطف

بدھ 17 فروری 2016 08:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تعمیر سکول پروگرام حکومت خیبر پختونخوا کا ایک انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت پیرنٹس ٹیچرز کونسلز کے ذریعے صوبے کے 30ہزارسرکاری سکولوں میں 43ارب روپے کی لاگت سے بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس مقصد کے لئے پہلے مرحلے میں 10ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قائد عمران خان کے وژن اوروعدے کے مطابق خیبر پختونخوا کو مثالی تعلیمی نظام دیں گے اور صوبے میں یکساں تعلیمی نظام لاکرسرکاری سکولوں کے بچوں کوملک کے بہترین تعلیمی اداروں کے طلباء کا ہم پلہ بنائیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہو ں نے پشاور میں دی سٹیزن فاوٴنڈیشن کینڈا کے صدر عبدالعزیز سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ایلیمنٹری ایجوکیشن افضل لطیف،ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم اورڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن رفیق خٹک بھی موجود تھے ۔فاوٴنڈیشن کے صدرنے تعلیم کے شعبے میں اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے وزیر موصوف سے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کی تعلیمی اصلاحات سے انتہائی متاثر ہوئے ہیں اوروہ بھی اس عمل میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی فاوٴنڈیشن خیبرپختونخوا میں 58 تعلیمی ادارے چلارہا ہے اوران کی خواہش ہے کہ مزید تعلیمی ادارے بھی شروع کریں۔ انہوں نے کہاکہ اگرممکن ہو تو وہ سرکاری سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بھی استعمال میں لائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ کینڈا میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو بھی اس سلسلے میںمتحرک کرنے کی کوشش کریں گے۔وزیر تعلیم نے عبدالعزیز کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کاشعبہ حکومت خیبر پختونخوا کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اورگزشتہ ڈھائی سالوں کے دوران اس شعبے کی بہتری کے لئے نمایاں اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت تعلیمی بجٹ 100 ارب روپے تک لے گئی ہے جو کل بجٹ کا 28 فیصد بنتاہے ۔اسی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے ذریعے صوبے کے سرکاری سکولوں میں پڑھنے اور پڑھانے کے نظام میں واضح تبدیلی لانے کے علاوہ اساتذہ اور طلباء کی حاضری یقینی بنانے کا بھی پروگرام ہے اور اس مقصد کے لئے ملکی و غیر ملکی آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔عاطف خان نے کہا کہ سرکاری سکولوں کا تعلیمی معیار بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جاذب نظر اورپر کشش بنانے کے لئے یکساں ڈیزائن تیار کرنے پر کام جاری ہے جبکہ پرائمری سطح پر بھی 2 کی بجائے 6 کمروں پر مشتمل سکول تعمیر کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :