سعودی عرب اور روس کا تیل کی پیداوار گھٹانے پر اتفاق، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 6 فیصد اضافہ،خام تیل 35 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا

بدھ 17 فروری 2016 08:50

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17فروری۔2016ء) سعودی عرب اور روس کے تیل کی پیداوار گھٹانے پر اتفاق سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 6 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب، روس، وینز ویلا، نائجیریا اور قطر کے توانائی کے وزیروں نے دوحہ میں ملاقات کی ہے جس کا انتظام قطر کے وزیر توانائی نے کیا تھا ، چاروں ملکوں کے وزرائے توانائی میں ہونے والی ملاقات کے بعد روس اور سعودی عرب نے تیل کی دن بدن گھٹتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر خام تیل کی پیداوار میں ممکنہ کمی پر اتفاق کرلیا ہے جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں یک دم 6 فیصد اضافہ ہوا ہے اور خام تیل 35 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا ہے۔

اس سے قبل روس اور سعودی عرب تیل کی پیداوار کم کرنے کیلئے تیار نہیں تھے اور ہرایک کا موقف تھا کہ اگر وہ تیل کی پیداوار کم کربھی دیں تو کیا دیگر ممالک بھی پیداوار کم کریں گے؟ جس کی وجہ سے 2014 سے اب تک عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 70 فیصد سے زائد کمی ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

قیمتوں میں کمی کی وجہ سے تیل پر انحصار کرنے والی معیشتوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اسی وجہ سے سعودی عرب کا رواں سال کا بجٹ 98 ارب ڈالر کے خسارے میں رہا ہے جبکہ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اگر تیل کی قیمتیں اسی طرح کم ہوتی رہیں تو سعودی عرب کا آئندہ برس کا بجٹ 140 ارب ڈالر کے خسارے میں جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ روس اور سعودی عرب سب سے زیادہ تیل پیداکرنے والے ممالک میں سرفہرست ہیں اور دونوں ممالک 10 ملین بیرل روزانہ سے زیاد ہ تیل پیدا کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :