انٹرا پارٹی انتخابات،تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے مخالفت کر دی،انٹرا پارٹی انتخابات نہیں ہونے چاہئیں اس سے کارکنوں کے حقوق کا استحصال ہوتا ہے اور محنتی اور سرگرم کارکن پیچھے رہ جاتے ہیں، کارکنوں کو موقف،ورکرز کے تحفظات دور کرنے کیلئے پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں حتی کہ یونین کونسل میں بھی ٹریننگ سیشن منعقد کریں گے ،سیکرٹری الیکشن کمیشن

جمعرات 11 فروری 2016 09:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کی سینکڑوں کارکنوں نے مخالفت کر دی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم قانون پر عمل کرتے ہیں اور انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن کے آرڈیننس 2002 میں لازمی قرار دیئے گئے ہیں اور ہر سیاسی پارٹی یہ انتخابات کروانے کی پابند ہے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات پر سینکڑوں کارکنوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات نہیں ہونے چاہئیں اس طرح کارکنوں کے حقوق کا استحصال ہوتا ہے محنتی اور سرگرم کارکن پیچھے رہ جاتے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری الیکشن کمیشن کرنل خالد ظہور کا کہنا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ لوگ اس کی کیوں مخالفت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انٹرا پارٹی الیکشن پاکستان الیکشن کمیشن کے آرڈیننس 2002 میں لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے قانون کے تحت ہر سیاسی پارٹی الیکشن کروانے کی پابند ہے تاہم ورکرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے الیکشن کمیشن نچلی سطح جا کر پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں حتی کہ یونین کونسل میں بھی ٹریننگ سیشن منعقد کرے گا تاکہ لوگوں کو اس سارے سسٹم کی آگاہی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس بار وہ ووٹنگ کا ایک سسٹم بنا رہے ہیں اور اس سسٹم میں طاقت عوام کے ہاتھ میں ہو گی تمام کارکن ڈائریکٹ ووٹنگ سسٹم کے تحت ووٹنگ میں شامل ہوں گے اور اس طرح سے مرکزی اور صوبائی عہدیداران کا چناؤ ہو گا ۔