صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتیں ہیں اور وہ اپنے متعلقہ صوبوں میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کرتی ہیں،پرویز رشید ، خیبر پختونخواء میں تحریک انصاف کی حکومت نے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کیں اورہسپتالوں میں نجکاری کا عمل شروع کیاجہاں اسے بھی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہاہے لیکن مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اس میں کوئی مداخلت نہیں کی اور نہ ہی جلتی پر تیل ڈالا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ وہاں جمہوری حکومت ہے جسے اپنے فیصلے خود کرنے ہوتے ہیں اور عوام مینڈیٹ بھی اصلاحات کیلئے دیتی ہے، پی آئی اے کے معاملے میں دیگر سیاسی جماعتوں کا کردار مسلم لیگ(ن) کے کردار سے برعکس ہے،وہ جماعتیں جو آج ہڑتال کی حمایت اور ساتھ دے رہی ہیں انہوں نے اپنے ادوار میں اداروں کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا،وفاقی وزیر اطلاعات کا نجی ٹی وی کمی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 7 فروری 2016 10:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتیں ہیں اور وہ اپنے متعلقہ صوبوں میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کرتی ہیں، خیبر پختونخواء میں تحریک انصاف کی حکومت نے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کیں اورہسپتالوں میں نجکاری کا عمل شروع کیاجہاں اسے بھی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہاہے لیکن مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اس میں کوئی مداخلت نہیں کی اور نہ ہی جلتی پر تیل ڈالا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ وہاں جمہوری حکومت ہے جسے اپنے فیصلے خود کرنے ہوتے ہیں اور عوام مینڈیٹ بھی اصلاحات کیلئے دیتی ہے، پی آئی اے کے معاملے میں دیگر سیاسی جماعتوں کا کردار مسلم لیگ(ن) کے کردار سے برعکس ہے،وہ جماعتیں جو آج ہڑتال کی حمایت اور ساتھ دے رہی ہیں انہوں نے اپنے ادوار میں اداروں کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل 92نیوز کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے 92نیوز کی انتظامیہ اور ادارے سے منسلک عامل صحافیوں کو ادارے کی پہلی سالگرہ پر مبارکباد دی اور دعا کی کہ آپ اس ادارے کی 100ویں سالگرہ بھی منائیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کے باعث نہ صرف ادارے کو نقصان ہوا بلکہ عام لوگ بھی متاثر ہوئے، ہڑتال کے باعث والدین اور عزیزواقارب کے جنازوں میں شرکت کیلئے آنے اورجانے والے وقت پر نہیں پہنچ سکے ، ہڑتال سے عمرہ کی ادائیگی ، شادی بیاہ میں شرکت،اور بہت سے مریض جو علاج معالجے کے لئے ہوائی سروس استعمال کرنا چاہتے تھے اس سہولت سے محروم ہوئے اور بے روگار اپنے روزگار کے حصول کیلئے انٹرویوز پر وقت پرنہیں پہنچ سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ایسی لازمی سروسز بیمار کو علاج میں مدد، بے روزگار کو حصول روزگار میں مدد اور طالب علم کو حصول تعلیم میں مدد دینا ہوتی ہے اور ایسی سروسز کو بہتر بنانا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن نے اقتدار سنبھالا توپی آئی اے بند ہونے کے قریب تھا اور اس کے پاس صرف 18جہاز تھے اور ان میں زیادہ تر اپنی مدت پوری کرچکے تھے اور وہ بھی چلنے کے قابل نہیں رہے تھے اور فی جہاز کے ساتھ700 اہلکار وابستہ تھے۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ حکومت کے تعاون اور بروقت اقدامات سے پی آئی اے کے جہازوں کی تعداد38ہوئی اور دومزید جہازآرہے تھے جس سے فلیٹ40جہازوں کا ہونے جارہا تھا جس ملازمین کی فی جہاز انتظامی شرح بھی نصف ہوگئی اور ادارے کی معاشی حالت بھی بہتر ہونا شروع ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز کا حال بھی کچھ بہتر نہ تھا مسلم لیگ کو اقتدار میںآ ئے ابھی اڑھائی سال ہوئے ہمیں دونوں ادارے تباہ حال ملے تھے، پاکستان پیپلزپارٹی کی پانچ سال حکومت رہی وہ اس میں کوئی بہتری کیوں نہیں لا ئی ، پرویز مشرف نے بھی ان اداروں کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا اور آج وہ جماعتیں ہڑتال کی حمایت اور ساتھ دے رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ادارے کی بہتری کیلئے ادارے کو پاؤں پر کھڑا کرنا مقصود ہے اور اس کا قطعاً یہ مقصد نہیں کہ حکومت اثاثے فروخت کررہی ہے ،اکثریتی حصص حکومت کے پاس ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پی آئی اے یونین کو بلا کر پی آئی اے ملازمین کی مراعات اورملازمتوں کے تحفظ کی ذاتی طور پر ضمانت لی لیکن اس کے باوجود جو کچھ ہوا اچھا نہیں ہوا۔

قبل ازیں وفاقی وزیر نے 92نیوز کی پہلی سالگرہ کا کیک کاٹا اور انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ 92 نیوز نجی نیوز چینلز میں اچھا اضافہ ہے اور اس نے اپنی جگہ بھی بنا لی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ صحافت طاقتور ہورہی ہے اور صحافت اس وقت طاقتور ہوتی ہے جب اسے لوگوں کا اعتماد حاصل ہو، آپ کی تمنا خبرنہیں بلکہ لوگوں کی تمنائیں آپ کی خبریں ہونی چاہئیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے پہلے سال کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے92 نیوز کے ورکروں عاصمہ شیرازی، میاں شاہد محمود، تنویراقبال، ٹکا خان ثانی ، انور رضا، صغیر احمد چوہدری اور شکیل میمن کو ایوارڈ دیئے۔ اس موقع پر92نیوز کے ایڈیٹر نارتھ محسن رضا نے وفاقی وزیر کا تقریب میں آمد پر خیرمقدم کیا