مسابقتی کمیشن کا نجی ایئرلائنز کی جانب سے حالیہ فضائی کرایوں میں نمایاں اضافے کا نوٹس،کارروائی کا آغاز کردیا

ہفتہ 6 فروری 2016 09:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 6فروری۔2016ء) مسابقتی کمیشن آف پاکستان(سی سی پی)نے نجی ایئرلائنز کی جانب سے حالیہ دنوں میں فضائی کرایوں میں نمایاں اضافے کی میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیاہے۔اس سلسلے میں ابتدائی طور پر معلومات جمع کی جا رہی ہیں اور نجی ایئرلائنز کو حالیہ کرایوں کا جامع ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ حال ہی میں مہنگے ٹکٹ خریدنے والے مسافروں سے بھی ثبوت کے ساتھ کمیشن کے شکایت سیل سے بذریعہ ای میل، فون یا ڈاک رابطہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

مسابقتی کمیشن کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ بیان کے مطابق کمیشن ایئرفیئرز کے حوالے سے معلومات جمع کرنے کے عمل میں ہے، شاہین ایئرلائنز اور ایئربلیو کو حالیہ فضائی کرایوں کا جامع ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے لکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان ایئرلائنز کو مطلع کردیا گیا ہے کہ غالب کاروبار کی جانب سے قیمت میں نامناسب اضافہ اور مسابقت کاروں کا اجتماعی طور پر قیمت فکس کرنا غیرمسابقتی سرگرمیاں ہیں اور انھیں ہرقیمت پران سے گریز کرنا چاہیے، اس سلسلے میں سی سی پی نے حال ہی میں بظاہر بلند کرایوں کے حامل ٹکٹ خریدنے والے مسافروں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ کمیشن کے شکایت سیل سے ثبوت کے ساتھ بذریعہ ای میل، ٹیلی فون، فیکس یا ڈاک رابطہ کریں۔